تصاویر: میکسیکو میں زلزلے سے تباہی

زلزلے سے دارالحکومت میکسیکو سٹی بری طرح متاثر ہوا ہے جہاں زلزلے کے بعد ہزاروں افراد خوف کے عالم میں سڑکوں پر نکل آئے

زلزلے کے فوراً بعد میکسیکو سٹی کی ایک بلند عمارت سے لی جانے والی تصویر جس میں شہر کے کئی مقامات سے دھول اڑتی دیکھی جاسکتی ہے۔ میکسیکو سٹی کے میئر کے مطابق شہر کے کم از کم 44 مقامات پر عمارتیں منہدم ہوئی ہیں۔

زلزلے سے دارالحکومت کے بعد سب سے زیادہ نقصان ریاست موریلوس میں ہوا ہے جہاں اب تک 72 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے

زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تمام رات جاری رہیں۔ کئی مقامات پر امدادی کارکنوں اور عام شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبے تلے دبے افراد کو زندہ بچایا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے سے ہونے والی مالی نقصان کا تخمینہ لگایا جارہا ہے جو اربوں ڈالرز تک ہوسکتا ہے

میکسیکو سٹی کے میئر کے مطابق شہر کی کئی بلند و بالا رہائشی عمارتیں زلزلے کے باعث ایک جانب کو جھک گئی ہیں جس کے باعث ان کے ہزاروں رہائشیوں کو رات سڑک پر گزارنا پڑی۔

زلزلے کے بعد امدادی کارروائیوں میں سرکاری اہلکاروں کے علاوہ عام شہری بھی شریک ہیں جن کی کوششوں کے باعث اب تک سیکڑوں زخمی افراد کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کیا جاچکا ہے

زلزلے سے میکسیکو سٹی میں ایک پرائمری اسکول کی عمارت بھی منہدم ہوئی ہے جس کے ملبے سے اب تک 25 لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔ ان لاشوں میں سے بیشتر معصوم طلبہ کی ہیں۔

میکسیکو سٹی نرم اور دلدلی زمین پر آباد ہے جس کے باعث بہت دور آنے والے زلزلے کے جھٹکوں سے بھی اس کی زمین بری طرح لرز جاتی ہے۔ منگل کے زلزلے سے بھی شہر کی کئی رہائشی اور تجارتی عمارتیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔