ایران: مسجد ماسک بنانے کے کارخانے میں تبدیل

ایران میں ایک مسجد میں سلائی مشینیں لگا دی گئی ہیں جس پر خواتین رضا کار اسپتالوں کے لیے ماسک اور دیگر اشیا تیار کر رہی ہیں۔

ایران کو عالمی پابندیوں کا سامنا ہے اور محدود وسائل کے باعث رضاکاروں کے ذریعے حفاظتی سامان کی تیاری جاری ہے۔ مسجد میں قائم کیے گئے کارخانے میں ماسک کے ساتھ ساتھ حفاظتی چادریں، بیڈ شیٹس اور دیگر اشیا بھی بنائی جا رہی ہیں۔

اس کارخانے میں کام کرنے والی رضا کار خواتین نے خود بھی کرونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اختیار کی ہیں۔

مسجد کے ایک حصے میں 15 سلائی مشینیں نصب کی گئی ہیں جس پر رضا کار سلائی کا کام کر رہی ہیں۔

سلائی مشینیں مناسب فاصلے پر اس طرح لگائی گئی ہیں کہ ان پر رضا کار کام بھی کریں اور وائرس کے حوالے سے مقرر کردہ سماجی فاصلہ بھی برقرار رہے۔

مسجد میں سلائی کے کام کے لیے صرف خواتین رضا کار مقرر کی گئی ہیں۔

کرونا وائرس سے بچاؤ کا حفاظتی سامان بنانے والی یہ خواتین ایران کی پاسدارانِ انقلاب نامی فورس کے ماتحت 'بسیج' کی سویلین رضا کار ہیں۔

ایران میں وبا سے متاثرہ افراد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جب کہ اموات بھی چار ہزار تک پہنچ گئی ہیں ایسے میں بین الاقوامی پابندیوں کی وجہ سے طبی آلات مقامی سطح پر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔