ممبئی میں بارشوں نے تباہی مچا دی

بھارت میں مون سون کی بارشوں کا آغاز یکم جولائی کو ہوا تھا جب کہ ممبئی میں یکم اگست سے بارشوں نے شدت اختیار کی۔

موسلادھار بارشوں سے سڑکیں دریا کا منظر پیش کرنے لگیں، تریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا جب کہ لوگوں کو  محفوظ مقامات کی طرف بھی منتقل ہونا پڑا۔

بارشوں کی وجہ سے کئی سڑکوں میں گڑھے بھی پڑ گئے جس کی وجہ سے کئی گاڑیاں پھنس گئیں۔
 

بارشوں کی وجہ سے ممبئی شہر کے نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے جب کہ پانی کئی گھروں میں بھی داخل ہو گیا۔
 

بارشوں کی وجہ سے بے گھر افراد کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ممبئی شہر میں کئی افراد کھلے آسمان تلے سوتے ہیں، لیکن بارشوں اور سڑکوں پر پانی کی وجہ سے ایسے افراد بھی پریشان ہیں۔

 

ممبئی کے قدیم علاقے کولابا میں بدھ کوعلی الصبح شروع ہونے والی بارش رات ساڑھے آٹھ بجے تک جاری رہی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کولابا میں 294 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو 1974 کے بعد ہونے والی سب سے زیادہ بارش ہے۔
 

حکام کا کہنا ہے کہ جمعرات کو بارش کی شدت کم ہو گئی ہے اور سیلابی صورتِ حال کا سامنا کرنے والے علاقوں میں پانی کا بہاؤ اب کم ہو رہا ہے۔
 

ممبئی کی کئی سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ شہری انتظامیہ کی جانب سے کئی علاقوں سے پانی نکالنے کی کوششیں بھی جاری رہیں۔
 

شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کے نتیجے میں ممبئی کے جنوبی علاقوں میں ہر طرف تباہی مچ گئی اور سیکڑوں درخت زمین سے اکھڑ گئے۔ پانی جمع ہونے سے بس اور ٹرین سروس بھی معطل ہو گئیں۔

شدید بارشوں کے سب کئی ٹرینوں کو راستے میں ہی روک دیا گیا جس سے مسافروں کو زیر آب ریلوے ٹریک پر پیدل سفر طے کرنا پڑا۔