پہلا ٹی ٹوئںٹی: پاکستان کو نیوزی لینڈ سے شکست

ٹاس پاکستان نے جیتا اور پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 154 رنز کا ہدف دیا۔ تاہم میزبان ٹیم نے یہ ہدف 18 اعشاریہ 5 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ 

پاکستانی ٹیم کو اننگز کے آغاز میں ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بابر اعظم کی غیر موجودگی میں کپتانی کرنے والے شاداب خان نے سب سے زیادہ 42 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے دوسرا بڑا اسکور کرنے والے کھلاڑی فہیم اشرف تھے جنہوں نے 31 رنز بنائے۔

بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے خوشدل خان نے 16 رنز کی اننگز کھیلی۔

خوشدل، شاہ اش سودھی کے ہاتھوں شکار ہوئے۔ 

پاکستان کی طرف سے دیے جانے والے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم سیفرٹ نے سب سے زیادہ 57 اور دوسرے نمبر پر مارک چیم مین نے 34 رنز بنائے۔ 

نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 8 کے اسکور پر گری جب شاہین شاہ آفریدی نے مارٹن گپٹل کی وکٹ لی۔  شاہین آفریدی نے مجموعی طور پر 27 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کو پاکستانی فاسٹ بالرز کی نپی تلی بالنگ کے باعث مشکلات کا سامنا رہا۔ تاہم کیویز نے 19 ویں اوور میں مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔

بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے مچل سینٹنر 12 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ 

نیوزی لینڈ کے فاسٹ بالر جیک ڈفی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا جنہوں نے 33 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کا دوسرا میچ اتوار کو ہملٹن میں کھیلا جائے گا۔