تصاویر: کیلیفورنیا میں آگ سے تباہی

حکام کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں اور خشک موسم کے باعث آگ مسلسل پھیل رہی ہے اور اس پر قابو پانے میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

کیلی فورنیا کے محکمۂ جنگلات کے مطابق ریاست کی مختلف کاؤنٹیز میں 22 مقامات پر آگ لگی ہوئی ہے

آگ سے اب تک ساڑھے تین ہزار سے زائد عمارتیں تباہ یا متاثر ہوئی ہیں۔ کئی قصبے اور آبادیاں مکمل طور پر صفحہ ہستی سے مٹ گئی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ آگ سے متاثرہ علاقوں میں 300 سے زائد افراد لاپتا ہیں جب کہ سیکڑوں افراد دھویں سے متاثر ہونے اور جھلسنے کے باعث اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں

آگ سے اب تک ایک لاکھ 70 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر جنگلات اور گھاس کے میدان جل کر خاکستر ہوچکے ہیں جب کہ کئی قصبے اور آبادیاں بھی مکمل طور پر جل گئی ہیں

حکام کے مطابق آگ بجھانے کی کارروائی میں آٹھ ہزار فائر فائٹرز اور دیگر اہلکار حصہ لے رہے ہیں جب کہ 124 ہوائی جہاز بھی آگ بجھانے کی کارروائیوں میں شریک ہیں

کیلی فورنیا کی پڑوسی ریاستوں اوریگن اور نیواڈا کے علاوہ نزدیکی ریاست واشنگٹن سے بھی آگ بجھانے والے عملے کے ایک ہزار اہلکار کیلی فورنیا طلب کرلیے گئے ہیں

کیلی فورنیا کے گورنر نے آگ سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی آٹھ کاؤنٹیز میں ہنگامی حالت نافذ کردی ہے

آگ سے متاثرہ کئی علاقوں کے رہائشیوں کو لازمی انخلا کا حکم دیا گیا ہے جب کہ حکام نے لوگوں سے تاحکمِ ثانی اپنے گھروں کو دوبارہ نہ لوٹنے کی بھی اپیل کی ہے

حکام تاحال آگ بھڑکنے کی وجہ کا تعین کرنے میں ناکام رہے ہیں جس کا آغاز اتوار کو ہوا تھا

کیلی فورنیا میں موسمِ گرما اور خزاں کے دوران خشک موسم اور خشک ہوائیں چلنے سے جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات ہر سال ہی پیش آتے ہیں