چشمہ تھری جوہری بجلی گھر کا افتتاح
پاکستان کے وزیراعظم نوازشریف نے بدھ کو میانوالی کے قریب چشمہ تھری جوہری بجلی گھر کا افتتاح کیا۔
میگاواٹ بجلی پیدا کرنے والا یہ جوہری بجلی گھر پاکستان اٹامک انرجی کمیشن اور چائنہ نیشنل نیوکلیئر کارپوریشن کے اشتراک سے تیار کیا گیا۔
اس علاقے میں چین کے تعاون سے تیار کیا گیا یہ تیسرا جوہری بجلی گھر ہے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری ایک بیان کے مطابق ’چشمہ فور‘ جوہری بجلی گھر 2017 میں مکمل ہو جائے گا۔
اس سے قبل چین کے تعاون سے اسی علاقے میں قائم کیے گئے چشمہ ون اور چشمہ ٹو نامی دو بجلی گھر لگ بھگ 600 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں۔
پاکستان کی حکومت کی طرف سے یہ کہا جاتا رہا ہے کہ 2050ء تک ملک میں مجموعی طور پر 40 ہزار میگاواٹ بجلی جوہری توانائی سے حاصل ہو سکے گی۔