پاکستان میں کرونا وائرس
ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر بیرون ملک سے آنے والے افراد کی اسکریننگ سخت کردی گئی ہے۔ کرونا وائرس کا ایک کیس کراچی جب کہ دوسرا اسلام آباد سے رپورٹ ہوا ہے۔
کراچی میں کرونا وائرس سے متاثرہ شخص کو آغا خان اسپتال میں داخل کیا گیا ہے جس کے ساتھ ہی تمام اسپتالوں میں طبی عملے کو ماسک پہننے سمیت دیگر حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایات کی گئی ہے۔
کرونا وائرس پاکستان میں ایران سے آنے کے شواہد ملے ہیں۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر پاکستان نے ایران سے متصل سرحد بند کر دی ہے۔
تفتان بارڈر پر مامور پاکستانی سیکیورٹی اہلکاروں کو بھی ماسک پہننے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
پاکستان ایران سرحدی راہداری تفتان سے لوگوں کی آمدو رفت پر پابندی لگا دی گئی ہے جب کہ سیکورٹی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔
ایران سے پاکستان پہنچنے والے افراد کو سرحد پر قائم قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ جہاں ایسے افراد کو 14 روز تک رکھا جاتا ہے۔
کراچی کے جناح اسپتال میں آئسو لیشن وارڈ قائم کر دیا گیا ہے۔
کراچی کے نجی اسپتالوں کے عملے کو بھی ماسک سمیت دیگر حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔