انتخابات میں عمران خان کی فتح کا ایک سال تصاویر میں

پاکستان میں عام انتخابات 25 جولائی کو ہوئے جن کے نتیجے میں وزیرِ اعظم عمران خان کی پارٹی پی ٹی آئی کو کامیابی حاصل ہوئی۔

17 اگست 2018 کو قومی اسمبلی میں وزیرِ اعظم کا انتخاب جیتنے کے بعد عمران خان نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ وہ کرپٹ لوگوں کا احتساب کریں گے اور انہیں جیلوں میں ڈالیں گے۔

وزیرِ اعظم بننے کے بعد عمران خان نے پہلا غیر ملکی دورہ سعودی عرب کا کیا تاکہ ملک کو درپیش مالی اور معاشی مشکلات کے لیے سعودی عرب کی مدد حاصل کی جا سکے۔ اس دورے میں سعودی عرب نے پاکستان کو 6ارب امریکی ڈالر کا امدادی پیکیج دینے کا اعلان کیا تھا۔

عمران خان کی حکومت آنے کے فوراً بعد اکتوبر 2018 میں پاکستان کی سپریم کورٹ نے توہینِ مذہب کے الزام میں 9 سال سے جیل میں قید آسیہ بی بی کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے رہا کر دیا۔ جس کے بعد ملک بھر میں مذہبی جماعتوں نے اس پر احتجاج کیا۔ 

نومبر 2018 میں عمران خان نے چین کا دورہ کیا۔ اس کے نتیجے میں پاکستان کو چین کی طرف سے دو ارب ڈالر کا امدادی پیکج دیا گیا۔

24 دسمبر 2018 کو سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کو اسلام آباد میں نیب کی ایک عدالت نے کرپشن کے دوسرے کیس میں 7 سال قید کی سزا سنائی۔ 

فروری 2018 میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کا دورہ کیا جنہیں ائرپورٹ سے وزیرِ اعظم عمران خان خود گاڑی چلا کر لے کر آئے۔ اس دورے میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ ولی عہد نے عمران خان کو کہا کہ مجھے سعودی عرب میں پاکستان کا سفیر سمجھیں۔ 

10 جون 2019 کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری کی ضمانت منسوخ کرتے ہوئے منی لانڈرنگ کیس میں ان کی گرفتاری کا حکم دیا۔ جنہیں بعد میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کر لیا گیا۔ 

26 جون 2019 کو حکومت کے پہلے ہی سال میں پی ٹی آئی کے خلاف اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس ہوئی جس میں بلاول بھٹو، مریم نواز، شہباز شریف، فضل الرحمن اور سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی شریک ہوئے۔

عمران خان کے وزیرِ اعظم بننے کے بعد پہلی دفعہ افغان صدر اشرف غنی نے جون 2019 میں پاکستان کا دورہ کیا جس کے نتیجے میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان تلخیاں ختم ہونے کی امید پیدا ہوئی۔ 

20 جولائی 2019 کو وزیرِ اعظم عمران خان پہلے سرکاری دورے پر واشنگٹن آئے۔ اس دورے میں عمران خان نے واشنگٹن میں تقریباً 20 ہزار پاکستانیوں کے اجتماع سے خطاب کیا اور پاکستان اور امریکہ کے باہمی تعلقات میں ایک بار پھر گرمجوشی دیکھنے کو ملی۔