لاک ڈاؤن میں رمضان کی سرگرمیاں

بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں مساجد میں بھی افطار کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ ہر سال لوگوں کی بڑی تعداد افطار مساجد میں کرتی ہے۔ لیکن اس بار لاک ڈاؤن کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں ہے۔

امریکہ میں واشنگٹن ڈی سی کے مسلمان گھرانوں میں بھی رمضان کی خصوصی عبادات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ تمام اہل خانہ ایک ساتھ افطار اور سحری کا اہتمام کرتے ہیں۔
 

 

کینیڈا میں کرونا وائرس کے سبب زیادہ تر مساجد یا تو بند ہیں یا ان میں صرف مساجد کا عملہ ہی عبادت کرسکتا ہے۔ اس لیے رمضان میں مساجد میں روایتی گہما گہمی نہیں ہے۔

سری لنکا کے شہر کولمبو میں زیادہ تر افراد گھر کی چھتوں پر افطار کا اہتمام کرتے ہیں۔ اس بار رمضان میں کرونا وائرس کے سبب نافذ کرفیو میں لوگ عزیز و اقارب کو مدعو نہیں کر رہے۔

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں بہت سے ایسے گنجان آباد علاقے ہیں۔ جہاں مسلم اکثریتی علاقوں میں قائم چھوٹے چھوٹے گھروں میں متعدد افراد رہائش پذیر ہیں۔ جب کہ عید ہو یا رمضان، سب مل کر تہوار مناتے ہیں۔

انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں لاک ڈاؤن کے باعث اسمارٹ فونز کے ذریعے قرآن کی تلاوت سنی جاتی ہے۔ جب کہ اسمارٹ فونز کے ذریعے ہی پیش امام قرآن کی تشریح اور ترجمہ بیان کرتے ہیں۔ جنہیں بڑی تعداد میں لوگ سنتے اور دیکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ اسمارٹ فونز کے ذریعے ہی نمازوں کا خطبہ دیا جاتا ہے۔

صومالیہ میں بے گھر افراد کی بڑی تعداد موجود ہے۔ جنہیں ماہ رمضان میں افطار اور سحری میں بیک وقت کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

پاکستان میں حکومت کی ہدایات کے مطابق اسلام آباد میں اکثر مساجد میں نمازوں اور تراویح کی ادائیگی میں سماجی دوری اپناتے ہوئے عبادات کی جا رہی ہیں۔

فلسطین کی مساجد میں بھی کرونا وائرس کے سبب ان دنوں سناٹے کا راج ہے۔ تاہم مساجد میں موجود عملہ ضرور عبادات میں مصروف نظر آ رہا ہے۔

بحرین میں روزہ دار گھر سے باہر جانے کی صورت میں فیس ماسک پہنتے ہیں۔ جسے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے پہلی احتیاطی تدبیر کے طور پر پہنا جاتا ہے۔

جرمنی کی ایک مسجد کے پیش امام ویڈیو اسٹریمنگ کے ذریعے لوگوں کو تلاوت سنا رہے ہیں۔ ویڈیو اسٹریمنگ کے ذریعے جرمنی میں رہائش پذیر لوگوں کی ایک بڑی تعداد اپنے گھروں پر رہتے ہوئے تلاوت سنتی ہے۔

نئی دہلی کی تاریخی جامع مسجد میں لوگوں کے لیے ہر سال بہت بڑی تعداد میں افطار کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ تاہم اس بار صورت حال یکسر مختلف ہے۔