فضائی حادثے کے بعد روس میں یوم سوگ

روس میں یوم سوگ کے موقع پر سوگواران نے جنوبی روس کے ایئرپورٹ سوچی کے مقام پر شمعیں روشن کیں۔

روس کی فوج کا ٹی یو 154 طیارہ اتوار کو بحیرہ اسود میں گر کر تباہ ہو گیا تھا جس سے اس پر سوار تمام 84 مسافر اور عملے کے آٹھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

طیارے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کو لوگ پھول رکھ کر خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

روس کے صدر ولادیمر پوٹن نے اس فضائی حادثے کے بعد پیر کو ملک بھر میں سوگ کا اعلان کیا تھا۔

طیارے میں عملے کے ارکان، فوجی اہلکار، ایک فوجی میوزک بینڈ اور صحافی سوار تھے۔

روس کے ٹرانسپورٹ کے وزیر میکسم سوکولوف نے کہا ہے کہ حادثہ پائلٹ کی غلطی یا پھر تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا ہے۔

اس سرچ آپریشن میں اطلاعات کے مطابق 10 مربع کلومیٹر سے زائد آبی علاقے میں تلاش کا کام جاری ہے۔

فضائی حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تلاش کے کام میں لگ بھگ تین ہزار افراد حصہ لے رہے ہیں۔

ماسکو میں لوگوں نے الیگزینڈروف انسامبل بینڈ کے مرنے والے فنکاروں کی یاد میں پھول سجائے۔

روس میں سوچی کے ہوائی اڈے سے اڑان بھرنے کے کچھ ہی منٹ بعد فوجی طیارے کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا، یہ طیارہ شام جا رہا تھا۔