رشی کپور اور عرفان خان: کچھ اتفاق، کچھ مماثلت

رشی کپور اور عرفان خان نے فلم 'ڈی ڈے' میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔ دونوں فن کار کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا تھے اور صرف ایک دن کے فرق سے دونوں ہی اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔

عرفان خان بدھ 29 اپریل اور رشی کپور جمعرات 30 اپریل کو دنیا سے گزر گئے۔ یہ بھی اتفاق ہے کہ دونوں اداکاروں نے ایک ہی شہر یعنی ممبئی میں ہی آخری سانسیں لیں۔

عرفان خان کو ممبئی کے علاقے وارسوا کے ایک قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا ہے جب کہ رشی کپور کی آخری رسومات جمعرات کو ادا کی جائیں گی۔

عرفان خان کی والدہ کا بھی چند روز قبل انتقال ہو گیا تھا۔ لاک ڈاؤن کے سبب وہ اپنی والدہ کے جنازے میں شریک نہیں ہو سکے تھے۔ عرفان خان کے جنازے میں بھی زیادہ لوگوں نے شرکت نہیں کی جب کہ رشی کپور کی آخری رسومات میں بھی بہت کم لوگوں کو شرکت کی اجازت ہو گی۔

رشی کپور، اب اپنی اہلیہ نیتو سنگھ اور فلمی مصنف، مکالمہ نگار اور ہدایت کار گلزار کے ہمراہ۔ یہ تصویر 12 سال پرانی ہے۔

رشی کپور اور سری دیوی نے فلم چاندنی میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔ دونوں فن کاروں کو 2008 میں لائف ٹائم ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ آج یہ دونوں ہی فن کار اس دنیا میں نہیں ہیں۔

 

رشی کپور نے 2011 میں اپنے بھائی رندھیر کپور اور راجیو کپور کے ساتھ ٹورنٹو میں ہونے والی ایک فلمی تقریب میں اکٹھے شرکت کی تھی۔ اس دوران تینوں بھائیوں نے ساتھ کھڑے ہو کر ایک تصویر بھی کھنچوائی تھی۔
 

 

بیماری کے سبب رشی کپور کی صحت خراب رہنے لگی تھی لیکن اس حالت میں بھی انہوں نے فلم' 102 ناٹ آؤٹ' میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ دوسری جانب عرفان خان نے بھی کینسر کے مرض سے لڑتے ہوئے اپنی فلم 'انگریزی میڈیم' میں اداکاری کی تھی۔

سال 2011 میں رشی کپور کے چچا اور بالی وڈ ایکٹر شمی کپور کا انتقال ہوا تھا۔ کچھ برسوں کے بعد شمی کپور کے بھائی ششی کپور بھی دنیا سے چل بسے تھے۔

بالی وڈ سپر اسٹار امیتابھ بچن اور رشی کپور نے کئی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا تھا جن میں امر اکبر انتھونی اور نصیب سرفہرست ہیں۔ دونوں فلموں میں دونوں فن کاروں کو ایک دوسرے کا بھائی دکھایا گیا ہے۔

رشی کپور معروف بالی وڈ اداکار رنویر سنگھ کے ہمراہ۔

سینئر فن کار ہونے کے باوجود رشی کپور نئے اداکاروں کے ساتھ گھل مل جاتے تھے اور خوب ہنسی مذاق کرتے تھے۔

رشی کپور سکھ مت کے پیروکار تھے۔ بیماری کے دنوں میں انہوں نے بھارتی پنجاب میں واقع سکھوں کی عبادت گاہ گرودوارہ گولڈن ٹیمپل کا بھی دورہ کیا تھا۔

رشی کپور کے اپنے ہم عصر فن کاروں سے بھی اچھے تعلقات تھے جن میں راکیش روشن اور جتیندر بھی شامل ہیں۔ سال 2016 کی یادوں میں لپٹی ہوئی ایک تصویر۔

رشی کپور کی طرح عرفان خان کے بھی امیتابھ بچن سے گہرے روابط تھے اور کسی نا کسی تقریب میں دونوں کی ملاقات ہو ہی جاتی تھی۔ امتیابھ بچن نے رشی اور عرفان دنوں کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

عرفان خان علاج کے سلسلے میں لندن اور رشی کپور نیو یارک میں کئی سال تک مقیم رہے۔

عرفان خان کو سب سے زیادہ شہرت 'مائی نیم از خان' اور 'سلم ڈاگ ملینئر' سے ملی۔ سلم ڈاگ نے کئی ایوارڈز اپنے نام کیے۔

عرفان خان ہندی فلموں کے ساتھ انگریزی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھاتے رہے مگر ان کی موت کے بعد اب یہ سلسلہ ہمیشہ کے لیے ٹوٹ گیا ہے۔