سری لنکا: ایسٹر دھماکوں کو ایک ہفتہ مکمل ہونے کے باوجود حالات معمول پر نہیں آ سکے
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سات روز گزر جانے کے باوجود اب بھی ملک بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ ہے۔
گذشتہ اتوار کو دارلحکومت کولمبو اور نواح میں گرجا گھروں اور ہوٹلز میں ہونے والے 9 خود کش حملوں میں 253 افراد ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔
مزید حملوں کے خدشات کے پیش نظر حکام نے اتوار کے روز ملک بھر کے گرجا گھروں میں دعائیہ سروس منسوخ کردی ہے۔
تین گرجا گھروں اور چار ہوٹلز میں ہونے والے بم دھماکوں کے بعد سے اب تک ایک سو سے زائد افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔
دھماکوں کی پیشگی اطلاعات کے باوجود کارروائی نہ کرنے پر سری لنکن حکومت پر تنقید کی جارہی ہے۔
سری لنکن حکومت نے سیکورٹی کے پیش نظر مسلمانوں کو جمعے کے اجتماعات سے بھی روک دیا تھا۔
اسلامی شدت پسند تنظیم داعش کی جانب سے ایسٹر دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی گئی تھی۔
حکام کے مطابق دھماکوں میں نو تعلیم یافتہ نوجوان ملوث تھے جن میں 8 کی شناخت ہو چکی ہے۔