تائیوان زلزلہ: امدادی کارروائیاں جاری، درجنوں تاحال لاپتا

تائیوان میں زلزلے کے بعد امدادی کارکنوں نے اتوار کو چھ مزید افراد کو ایک رہائشی عمارت کے ملبے  سے زندہ نکال لیا ہے۔

خیال ہے کہ ہفتے کو آنے والے زلزلے سے منہدم ہونے والے اس عمارت کے ملبے میں اب بھی لگ بھگ 120 افراد دبے ہیں۔

پولیس، آگ بجھانے کا عملہ، فوجی اور رضاکار ملبے سے زندہ افراد کو تلاش کر رہے ہیں۔

زلزلے سے نو دیگر مقامات پر عمارتیں تباہ ہوئی ہیں جبکہ پانچ کی بنیادیں ہل گئی ہیں اور وہ کسی بھی وقت گر سکتی ہیں۔

تائیوان کے جنوبی علاقوں میں ہفتے کو شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن سے کئی عمارتیں منہدم ہو گئیں۔

تائینان شہر کی آبادی لگ بھگ 20 لاکھ ہے اور یہیں سب سے زیادہ نقصان ہوا۔

ٹی وی پر دکھائی جانے والی تائینان شہر کی تصاویر میں امدادی کارکنوں کو منہدم ہونے والی عمارتوں میں پھنسے ہوئے افراد کو نکالتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق زلزلے کی شدید ریکٹر اسکیل پر 6.4 ریکارڈ کی گئی۔