تائیوان میں مسافر ٹرین کو حادثہ، 48 افراد ہلاک

حادثے کا شکار ٹرین تائیوان کے دارالحکومت تائیپی سے جنوب مشرقی شہر تیتونگ جاتے ہوئے تاروکو گورج نامی علاقے کے نزدیک ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔ یہ ٹرک نزدیک ہی جاری تعمیراتی کام کے مقام سے لڑھکتا ہوا ٹرین کی پٹری پر گر گیا تھا۔

یہ حادثہ تائیوان کے مشرقی شہر ہوالین میں پیش آیا۔ اسے ملک میں گزشتہ 40 برسوں کے دوران ہونے والا بدترین ٹرین حادثہ قرار دیا جا رہا ہے۔

جائے حادثہ سے موصول ہونے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹرین کے ڈبے ایک سرنگ میں بری طرح پھنسے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

تائیوان میں ایک مقامی تہوار کے موقع پر تعطیلات ہیں جس کے باعث لوگوں کی بڑی تعداد ٹرین سے اپنے گھروں کو واپس جا رہی تھی۔

امدادی سرگرمیاں انجام دینے والی تائیوان کی نیشنل فائر سروس نے 48 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔

ہلاک ہونے والوں میں ٹرین کا نوجوان ڈرائیور بھی شامل ہے جس کی حال ہی میں شادی ہوئی تھی۔

حادثے کے بعد تحقیقات کا آغاز ہو چکا ہے تاہم فوری طور پر کسی قانونی کارروائی یا گرفتاری کی اطلاع نہیں ہے۔ دوسری جانب اپنی ایک ٹوئٹ میں تائیوان کے صدر تائی اینگ وین نے کہا ہے کہ متاثرہ مسافروں اور ریلوے کے عملے کی امداد کے لیے تمام وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔