صدر ٹرمپ کے حامیوں کے مختلف ریاستوں میں مظاہرے

امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر آسٹن میں صدر ٹرمپ کے حامی، جشن مناتے جو بائیڈن کے حامیوں کو دیکھ رہے ہیں۔ امریکہ میں تین نومبر کے بعد دونوں جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئی تھیں۔

صدر ٹرمپ کے حامی امریکی ریاست منی سوٹا میں ڈیمو کریٹک گورنر ٹم والز کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کر رہے ہیں۔

بیشتر امریکی نشریاتی اداروں کی جانب سے ہفتے کو جو بائیڈن کے صدر منتخب ہونے کی خبروں کے بعد کیلی فورنیا میں بھی صدر ٹرمپ کے حامی سڑکوں پر نکل آئے اور نتائج پر تحفظات کا اظہار کیا۔

صدر ٹرمپ انتخابات کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے قانونی چارہ جوئی کا اعلان کر چکے ہیں۔ صدر ٹرمپ کے حامیوں کا یہ مؤقف ہے کہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی جائے۔

امریکی ریاست مشی گن میں بھی ہفتے کو غیر حتمی نتائج کے بعد صدر ٹرمپ کے سپورٹرز باہر نکل آئے اور مختلف علاقوں میں اپنا احتجاج ریکارڈ کراتے رہے۔

تین نومبر کو پولنگ کے بعد ڈیمو کریٹک اور ری پبلکن جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان بعض مقامات پر معمولی جھڑپیں بھی ہوئی تھیں جب کہ ووٹوں کی گنتی کے مقامات پر بھی دونوں جماعتوں کے کارکن جمع ہو گئے تھے۔

میامی میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں صدر ٹرمپ کے حامیوں نے اُن کی تصاویر اور امریکی جھنڈے اُٹھا رکھے ہیں۔

امریکہ میں تاحال انتخابی نتائج کا حتمی اعلان نہیں کیا گیا۔ تاہم جو بائیڈن نے اپنی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اُن کے بھی صدر ہوں گے جنہوں نے اُنہیں ووٹ نہیں دیا۔