کئی امریکی ریاستوں میں برفانی طوفان
پیر سے جاری ایک سرد طوفان نے امریکہ کے زیادہ تر علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔
برف کی کئی انچ موٹی تہہ جمنے اور بجلی کی فراہمی رکنے سے لاکھوں افراد شدید ٹھنڈ میں ایک ایسی صورت حال سے گزر رہے ہیں، جس کا سامنا اکثر لوگوں کو پہلی مرتبہ کرنا پڑ رہا ہے۔
برفانی طوفان کی وجہ سے کئی ریاستوں میں بجلی کی فراہمی کا نظام بھی متاثر ہوا ہے۔
ایک اندازے کے مطابق اس وقت تقریباً 15 کروڑ امریکی موسم سرما کے طوفان یا اس کے ممکنہ خطرے کی زد میں ہیں۔
اس موسم سرما میں کئی ایسے علاقے بھی برف باری کی زد میں آئے ہیں جہاں خال خال ہی برف پڑتی ہے۔
ریاست مسی سیپی کے عہدے داروں نے بتایا کہ سٹرکوں پر برف جمنے سے ٹریفک کی آمد و رفت میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
ریاست ٹیکساس نسبتاً ایک گرم علاقہ ہے جہاں کم کم ہی برف پڑتی ہے، لیکن اس بار موسم سرما نے عشروں کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔
ریاست اوریگن کی گورنر کیٹ براؤن نے بتایا ہے کہ پیر کی شام ریاست میں تین لاکھ سے زیادہ افراد کے گھروں میں بجلی نہیں تھی۔
نیشنل ویدر سروس نے خبردار کیا ہے کہ امریکہ کے مشرقی ساحلوں سے لے کر مغربی ساحلی علاقوں تک سردی کی شدت اور برفانی طوفان کی صورت حال چند روز تک برقرار رکھ سکتی ہے جس سے سڑکوں پر آمد و رفت دشوار ہو جائے گی۔