کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے دنیا بھر میں اقدامات

چین کے صوبے سنکیانگ میں رضاکاروں نے اپنے طور پر رہائشی علاقوں میں وائرس سے بچاؤ کے لیے اسپرے کرنا شروع کر دیا ہے۔ سڑکوں اور گلی محلوں کے ساتھ گھروں میں بھی رضا کار اسپرے کرتے نظر آتے ہیں۔

اٹلی کے شہر وینس میں سیاحوں نے حفاظتی ماسک پہننا شروع کر دیے ہیں۔ شہر میں سیاحوں کی بڑی تعداد ماسک لگائے گھومتی ہے۔

سری لنکن ایئر لائن کا عملہ بھی حفاظتی ماسک استعمال کر رہا ہے۔ بندرا نائیکے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایئر ہوسٹس ہوں، پائلٹ یا دوسرا عملہ، سب کے لیے ماسک پہننا ضروری ہے۔

چین کے شہر ووہان سے واپس آنے والے پرتگالی شہریوں کو لسبن ملٹری ایئرپورٹ پر اتارا گیا اور ان کا میڈیکل چیک اپ کیا گیا۔ اس دوران انہیں الگ تھلگ رکھا گیا۔

چین کے صوبہ ژیانگچی میں محلہ کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جاکر مقامی افراد سے سفری معلومات اکٹھی کر رہی ہیں تاکہ کرونا وائرس کی روک تھام میں مدد مل سکے۔ یہ کمیٹیاں کسی بھی شخص میں مرض کی ابتدائی علامات پائے جانے پر اسے اسپتال منتقل کرنے کے انتظامات بھی کرتی ہیں۔

ہانگ کانگ میں بھی حفاظتی ماسک بڑے پیمانے پر استعمال کیے جارہے ہیں۔ بیشتر اسٹورز نے بورڈز آویزاں کردیے ہیں کہ تمام ماسک فروخت ہو چکے ہیں۔

چین میں روز بروز بڑھتے متاثرین کے علاج کے لیے صرف 10 دن میں ایک اسپتال تعمیر کیا گیا ہے جس نے کام شروع کر دیا ہے۔

اسپین میں بھی حفاظتی ماسک کا استعمال بڑے پیمانے پر جاری ہے۔ ایئر پورٹس، اسپتال، پارک، مارکیٹس اور دیگر عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دیا جا رہا ہے۔ 

پیرس کا ایفل ٹاور ہو یا کوئی اور سیاحتی مقام، اس کی سیر کے لیے آنے والے سیاح حفاظتی ماسک سے اپنے چہرے ڈھانپے نظر آ رہے ہیں۔

عراق کے مختلف ایئرپورٹس پر اترنے والے مسافروں کے طبی معائنے کے لیے وزارت صحت نے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ ہر مسافر کا مخصوص آلات سے باڈی ٹمپریچر چیک کیا جا رہا ہے۔

متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کا کیس سامنے آنے کے بعد تمام فضائی مسافروں نے حفاظتی ماسک پہن لیے ہیں۔ عرب امارات کی وزارت صحت ملک میں کرونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق کر چکی ہے۔

نیپال میں بچوں کے اسکولوں میں بھی ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ وہاں بھی کرونا وائرس کا ایک کیس رپورٹ ہو چکا ہے۔

جنوبی کوریا میں چین سے آنے والے مسافروں کی خصوصی اسکریننگ کی جا رہی ہے۔ ان کا جسمانی درجہ حرارت نوٹ کیا جا رہا ہے۔ مرض کی ابتدائی علامات میں بخار، نزلہ اور زکام شامل ہیں۔ 

تھائی لینڈ کی قومی ایئر لائن کے طیاروں میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اسپرے لازمی قرار دیا جا چکا ہے۔