رسائی کے لنکس

مشہور صحافی اور شہرہٴ آفاق براڈکاسٹر سلطان غازی انتقال کر گئے


’وائس آف امریکہ‘ اردو سروس کے ایک سابق سینئر صحافی اور مشہور براڈکاسٹر، سلطان غازی انتقال کر گئے۔ وہ چند سال پہلے ہی ریٹائر ہوئے تھے۔ اُن کی عمر 80 سال سے زیادہ تھی۔

وہ اپنے اہلِ خاندان کے ساتھ تعطیلات گزارنے فلوریڈا گئے ہوئے تھے، جہاں اُن کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی اور اُنہیں اسپتال میں داخل کیا گیا۔ لیکن، وہ صحت یاب نہ ہوسکے اور اورلینڈو کے اسپتال میں ہی وہ خالقِ حقیقی سے جا ملے۔

سلطان غازی ایک کہنہ مشق صحافی، لکھاری اور شہرہٴ آفاق براڈکاسٹر تھے۔

امریکہ آنے سے پہلے پاکستان میں نشریات کے شعبے میں اپنا ایک ممتاز مقام بنا چکے تھے۔ پاکستان میں جب ٹیلی وژن کی نشریات کا آغاز ہوا، تو انہوں نے لاہور میں جناب اسلم اظہر کی قیادت میں ٹیلی وژن کی ٹیم میں شمولیت اختیار کی۔

دوسرے پیشہ وارانہ کام کے علاوہ اردو کی خبریں پڑھنا شروع کیں، اور اپنے منفرد انداز کی وجہ سے قبولِ عام کا درجہ حاصل کیا۔ وہ ملک کے معروف اخبارات سے بھی وابستہ رہے، اور رپورٹنگ کے علاوہ فیچر رائیٹر کے طور پر شہرت حاصل کی۔

پاکستان میں ریڈیو پاکستان کا سینٹرل نیوز روم جب راولپنڈی منتقل ہوا، تو سلطان غازی مرحوم اس کے اوّلین نشر کاروں میں تھے اور عرصے تک قومی خبریں پڑھتے رہے۔

اپنے ابتدائی دور میں انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو پاکستان کے لیے ڈرامے اور فیچر بھی تحریر کیے۔ وہ پاکستان میں صحافیوں کی یونین کے بھی سرگرم کارکن تھے۔

وہ تقریباً پانچ سال تک ریڈیو بیجنگ کی اردو سروس سے بھی منسلک رہے۔ بعد میں، 1983ء میں اُنھوں نے ’وائس آف امریکہ‘ اردو سروس میں شمولیت اختیار کی۔

ریڈیو کے علاوہ، انہوں نے ’وائس آف امریکہ‘ کی ویب سائٹ کے لیے بھی کام کیا۔

’وائس آف امریکہ‘ میں اپنی احسن خدمات کے اعتراف میں انہیں متعدد انعامات اور اعزازات سے بھی نوازا گیا۔ مرحوم انتہائی منکسر المزاج اور خاموش طبیعت انسان تھے۔

لواحقین میں انہوں نے اپنی اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور بیٹی چھوڑی ہے۔

XS
SM
MD
LG