رسائی کے لنکس

سندھ میں اتحادی جماعتوں کے تحفظات دور کرنے کے لئے وزیراعظم سرگرم


بعض مبصرین وزیراعظم کے اتحادی جماعتوں سے رابطوں کو آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے انتہائی اہم قرار دے رہے ہیں

سندھ میں اتحادی جماعتوں کے تحفظات دور کرنے کیلئے وزیراعظم کی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ جمعرات کو انہوں نے مسلم لیگ فنکشنل اور اے این پی کی قیادت سے ملاقاتیں کیں اور تحفظات دور کرانے کی یقین دہانی کرائی ۔وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ انتخابات وقت ِمقررہ پرکرانا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔

سندھ میں حکمراں جماعت پیپلزپارٹی کی اہم اتحادی جماعت مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پاگارا نے جمعرات کو پہلی مرتبہ حکومت پر کھل کر تحفظات کا اظہار کیا اوردھمکی دی کہ عید کے بعد ان کی جماعت حکومت سے علیحدگی کے بارے غور کرے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت میں ہوتے ہوئے ان کے انتخابی حلقوں میں تبدیلی کی جا رہی ہے ۔ پیر پگارا مسلم لیگ فنکشنل میں شمولیت اختیار کرنے والے سابق ایم پی اے محمد شاہ کے افطار ڈنر کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔

پیر پگارا کے بیان کے بعد وزیراعظم پیر پگارا سے ملاقات کیلئے فوراً ’کنگری ہاؤس‘ پہنچ گئے ۔ ملاقات کے بعد وزیراعظم نے میڈیا سے گفتگو کرنے سے انکار کر دیا۔ البتہ، فنکشنل لیگ کے رہنما امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم تعزیت کیلئے آئے تھے ۔ فنکشنل لیگ کو انتخابی حلقوں کی تبدیلی پر سخت تحفظات ہیں اور جمعہ کو ایک وفد وزیراعظم سے ملاقات کر کے انہیں ان کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کرے گا ۔

اس کے بعد وزیر اعظم مردان ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے اے این پی سندھ کے صدر شاہی سید سے ملاقات کی ۔ یاد رہے کہ گزشتہ مرتبہ وزیراعظم نے نائن زیرو کا دور ہ کیا تھا لیکن ’مردان ہاؤس‘ کا نہیں جس پر اے این پی کو سخت تحفظات تھے ۔ ملاقات کے بعد، وزیراعظم نے میڈیا کو بتایا کہ کسی ادارے سے ٹکراؤ نہیں چاہتے ، صاف شفاف انتخابات حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ ستائیس اگست کو سپریم کورٹ میں پیشی سے متعلق سوال کا جواب دینے سے انہوں نے انکار کر دیا ۔

یاد رہے کہ وزیراعظم کوسپریم کورٹ نے این آر او کیس میں توہین عدالت کیس کا نوٹس جاری کیا ہوا ہے اور ستائیس اگست کوانہیں عدالت میں طلب کر رکھا ہے ۔ بعض مبصرین وزیراعظم کے اتحادی جماعتوں سے رابطوں کو آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے انتہائی اہم قرار دے رہے ہیں ۔

XS
SM
MD
LG