رسائی کے لنکس

اقوامِ متحدہ کے خصوصی ایلچی شام پہنچ گئے


اقوام متحدہ کے سفارت کار لخدرابراہیمی
اقوام متحدہ کے سفارت کار لخدرابراہیمی
شام کے لیے اقوامِ متحدہ اور عرب لیگ کے خصوصی ایلچی لخدار ابراہیمی شام میں جاری تشدد کے خاتمے کے لیے کی جانے والی سفارتی کوششوں کے سلسلے میں دمشق پہنچے ہیں۔ خصوصی ایلچی کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعدبراہیمی کا شام کا یہ پہلا دورہ ہے۔

ان کے ایک ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق لخدارابراہیمی جمعرات کو دمشق پہنچے ہیں جہاں وہ حکومتی عہدیداران، حزبِ اختلاف کے راہنماؤں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سے ملاقاتیں کریں گے۔

بیان میں یہ ذکر نہیں کہ آیا عالمی ادارے کے خصوصی ایلچی اپنے دورے کے دوران میں شام کے صدر بشار الاسد سے بھی ملاقات کریں گے یا نہیں۔ اس سے قبل اقوامِ متحدہ کے سربراہ بان کی مون نے کہا تھا کہ براہیمی جلد ہی شامی صدر سے ملاقات کرنے والے ہیں۔

شام پہنچنے سے قبل اقوامِ متحدہ کے خصوصی ایلچی نے بدھ کو مصر کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے عرب لیگ کے عہدیداران سے شام کی صورتِ حال پر گفتگو کی تھی۔

واضح رہے کہ اقوامِ متحدہ کے اندازوں کے مطابق شام میں گزشتہ 18 ماہ سے جاری پرتشدد واقعات اور جھڑپوں میں اب تک 20 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
XS
SM
MD
LG