رسائی کے لنکس

بھارت اور بنگلہ دیش میں سمندری طوفان، 17 افراد ہلاک


سائیکلون کے باعث مواصلاتی نظام بھی درہم برہم ہو گیا۔
سائیکلون کے باعث مواصلاتی نظام بھی درہم برہم ہو گیا۔

بھارت کے بعد سمندری طوفان 'فانی' نے بنگلہ دیش میں بھی تباہی مچا دی۔ بنگلہ دیشی حکام کے مطابق مختلف واقعات میں اب تک نو افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

ہفتے کو سائیکلون 'فانی' بنگلہ دیش کے ساحلی علاقوں سے ٹکرایا۔ حکام کے مطابق چار لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

طوفان کے باعث سیکڑوں درخت، بجلی کے پولز، اور مکانات تباہ جبکہ 14 دیہات زیر آب آ گئے ہیں۔ بنگلہ دیشی پولیس کے مطابق ساحلی علاقے 'بارگونا' میں آسمانی بجلی گرنے سے پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی ' کے مطابق بھارت میں سمندری طوفان کے باعث ہلاکتوں کی تعداد بھی 9 ہو گئی ہے۔

سائیکلون کے بعد جمعے کی صبح سے بھارتی ریاست اڑیسہ شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کی زد میں ہے۔

حکام کے مطابق سائیکلون فانی کے باعث 10 کروڑ سے زائد آبادی متاثر ہو سکتی ہے۔

تیز ہواؤں اور بارش کے باعث مواصلاتی نظام اور شاہراہوں کو بھی شدید نقصان ہہنچا ہے۔

کولکتہ سمیت دو ایئر پورٹ بند کر دیے گئے ہیں جبکہ ٹرینوں کی آمدورفت کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔

بھارت میں 205 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں اور شدید بارشوں کے ساتھ آنے والا سمندری طوفان 'فانی' ریاست اڑیسہ کے ساحل سے ٹکرایا تھا۔

سمندری طوفان سے تباہی کا ایک منظر، 3 مئی 2019
سمندری طوفان سے تباہی کا ایک منظر، 3 مئی 2019

حکام کے مطابق طوفان کے باعث لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ ساحلی علاقوں میں مقیم دس لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان کیٹیگری چار میں تبدیل ہو گیا ہے جس سے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلنے کا خدشہ ہے۔

ماہرین نے کچے مکانات یا کچی چھتوں کے نیچے رہنے والے افراد کو تنبیہ کی ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔

سمندری طوفان سے فضائی منظر بھی بدل گیا
سمندری طوفان سے فضائی منظر بھی بدل گیا

طوفان کے باعث مواصلاتی رابطوں اور بجلی کے نظام میں خلل کے خدشات بھی پیدا ہو گئے ہیں۔

ساحلی علاقوں میں آباد گھروں میں تیز بارشوں کے سبب پانی جمع ہو گیا ہے جب کہ کئی علاقوں میں سیلاب کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ان علاقوں میں 20 سے 25 سینٹی میٹر یعنی 8 سے 10 انچ تک بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

سمندری طوفان فانی سے متعلق محکمہ موسمیات نے کئی روز پہلے خبردار کردیا تھا۔ محکمے کی جانب سے پیش گوئی کی گئی تھی کہ فانی کی وجہ سے تیز ہواؤں کے ساتھ تیز بارش بھی ہو گی۔

بھارتی حکومت نے غیر ملکی سیاحوں کو بھی متاثرہ علاقوں سے نکل جانے کا مشورہ دیا تھا جبکہ دو مشرقی بندرگاہوں پردیپ اور وشاکھا پٹنم پر لنگر انداز جہازوں کو نقصان سے بچانے کے لئے وہاں سے نکل جانے کے احکامات بھی جاری کر دیئے گئے تھے۔

بھارتی سول ایوی ایشن نے اڑیسہ کے دارالحکومت بھونیشور اور کلکتہ ائیرپورٹس پر جمعرات کی رات سے فضائی آپریشن معطل کیا ہوا ہے۔

مشرقی بھارت میں سمندری طوفان معمول ہیں۔ 1999ء میں آنے والے ایک طوفان سے ریاست اڑیسہ میں دس ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG