رسائی کے لنکس

کراچی: مون سون کی پہلی بارش سے شہر کا نظام مفلوج


کراچی میں موٹر سائیکل سوار افراد نے بارش سے بچاؤ کے لیے خود کو پلاسٹک بیگ میں چھپایا ہوا ہے۔
کراچی میں موٹر سائیکل سوار افراد نے بارش سے بچاؤ کے لیے خود کو پلاسٹک بیگ میں چھپایا ہوا ہے۔

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں پیر سے شروع ہونے والی مون سون بارشوں نے شہر کا نظامِ درہم برہم کر دیا ہے۔

کراچی میں پانی کی نکاسی کا مناسب نظام نہ ہونے کے سبب صرف ایک روز کی بارش کے بعد شہر کی بیشتر کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔

شہر بھر میں وقفے وقفے سے ہونے والی موسلا دھار بارش سے سُپرہائی وے پر ڈیم بھر گیا اور پانی کراچی کو ملک کے دیگر شہروں سے جوڑنے والی مرکزی شاہراہ پر آ گیا۔

سیلابی ریلہ سپر ہائی وے کے اطراف کے علاقوں شہباز ٹاؤن، سعدی ٹاؤن اور سعدی گارڈن سمیت دیگر رہائشی علاقوں میں داخل ہو گیا۔ جس کے بعد فوج کے امدادی دستوں نے سپر ہائی وے کے اطراف کے علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق پیر کی بارش کے بعد کراچی میں کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات میں 10 سے زائد افراد ہلاک ہوئے جب کہ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے درجنوں گاڑیاں بھی خراب ہو گئیں۔

بارش اور نالوں کا گندا پانی رہائشی علاقوں میں لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا جس کے باعث شہریوں کو خاصی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

برساتی پانی گھروں میں داخل ہو جانے کے بعد شہری اپنے گھروں کے باہر بیٹھے رہے اور بارش رکنے کے بعد پانی نکلنے کا انتظار کرتے رہے۔

بارشوں سے شہر کا ریلوے نظام بھی متاثر ہوا ہے۔ ٹرینوں کی آمد و رفت میں تاخیر کے سبب شہریوں کو ریلوے اسٹیشن پر گھنٹوں انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔​

کراچی میں عام طور پر موسم شدید گرم رہتا ہے اور بارشیں کم ہوتی ہیں۔ جہاں ایک طرف بارش سے شہری خوش ہیں وہیں نکاسی آب کا مناسب نظام نہ ہونے اور مختلف علاقوں میں بجلی کی عدم دستیابی سے بارش شہریوں کے لیے زحمت بن گئی ہے۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے بدھ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

بارش کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں سے بجلی غائب ہو گئی جسے ابھی تکمکمل طور پر بحال نہیں کیا جا سکا ہے۔

کراچی میں مون سون بارشوں کا حالیہ سسٹم بھارت کے علاقے راجھستان سے اتوار کی رات داخل ہوا تھا جس کے بعد سے شہر بھر میں موسلا دھار بارشیں وقفے وقفے سے جاری ہیں۔

کراچی کے میئر وسیم اختر نے بارش کے بعد شہر کی صورت حال کو ایمرجنسی قرار دیا ہے اور وفاقی حکومت اور وزارتِ بحری امور سے شہر کی بہتری کے لیے اقدامات کرنے کی درخواست کی ہے۔

XS
SM
MD
LG