رسائی کے لنکس

بھارت میں ٹرمپ کی آمد پر 'غریب چھپاؤ مہم'


امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ 24 فروری سے بھارت کا اپنا اولین دورہ شروع کر رہے ہیں۔ اس دورے کے لیے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔

بھارتی شہر احمد آباد کی ایک سڑک پر تقریباً آدھ کلو میٹر طویل دیوار بنائی جا رہی ہے تاکہ سڑک کے کنارے پر آباد کچی بستی شہر میں آنے والوں کو نظر نہ آئے۔

احمد آباد کے کرکٹ اسٹیڈیم میں صدر ٹرمپ کے لیے 'نمستے ٹرمپ' کے نام سے تقریب منعقد کی جائے گی۔ اس تقریب میں شرکت کے لیے صدر ٹرمپ بذریعہ سڑک وزیرِ اعظم نریند مودی کے ساتھ سفر کریں گے۔

کچی بستیاں اُس سڑک کے کنارے پر موجود ہیں جہاں سے صدر ٹرمپ کے قافلے کو گزرنا ہے۔ کچی بستیوں کو چھپانے کے لیے آدھا کلو میٹر طویل دیوار تعمیر کی گئی ہے۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق یہ دیوار پہلے چھ سے سات فٹ اونچی تعمیر کی جا رہی تھی جسے اب کم کر کے چار فٹ تک محدود کر دیا گیا ہے۔

اس کچی آبادی کی ایک رہائشی کیشی سرانیہ نے بات کرتے ہوئے کہا کہ’’ہم لوگ تین نسلوں سے یہاں آباد ہیں۔ مگر کسی نے ہمیں سہولیات نہیں دیں۔ اہم لوگ اس سڑک سے گزرتے ہیں، مگر ہمیں چھپا دیا گیا ہے۔ اگر یہ دیوار پر اتنا پیسہ خرچ سکتے ہیں تو ہماری بستی کے حالات بہتر بنانے پر کیوں نہیں؟ اور ہمیں سہولیات کیوں نہیں دے سکتے۔ یہ غریبوں کو کیوں چھپا رہے ہیں؟"

اسٹیڈیم کے پاس ایک اور کچی آبادی کے رہائشی 45 خاندانوں کو حکام کی طرف سے بے دخلی کے نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔

اس واقعے پر سیاسی رہنماؤں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی طرف تنقید کی جا رہی ہے اور وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ترقی کے دعوؤں پر سوال اٹھایا جا رہا ہے، جو بھارت کے وزیرِ اعظم بننے سے پہلے وہ 12 سال گجرات کے وزیرِ اعلیٰ رہے ہیں۔

ایک مقامی این جی او جوالا فاؤنڈیشن سے منسلک اشواتے جوالا کہتی ہیں کہ "ہندوستان ترقی کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ مگر ترقی غریبوں اور کچی بستیوں کو چھپانے سے نہیں آتی۔ ترقی ساتھ ساتھ کی جاتی ہے۔ مگر ہم اتنے لوگوں کو دیوار کے پیچھے چھپا رہے ہیں۔ یہ غیر انسانی حرکت ہے۔"

ایک سرکاری افسر کشور ورما نے بتایا کہ یہ زمین شہر کی ملکیت ہے اور اسے قانون کے مطابق خالی کروایا جا رہا ہے۔

انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ اسے صدر ٹرمپ کے دورے سے چند دن پہلے ہی کیوں خالی کروایا جا رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG