رسائی کے لنکس

ڈیموکریٹک کنونشن کی تیاریاں مکمل، ٹرمپ سوئنگ اسٹیٹس کا دورہ کریں گے


امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جون میں انتخابی مہم کے دوران ریاست اوکلاہوما کا دورہ بھی کیا تھا۔
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جون میں انتخابی مہم کے دوران ریاست اوکلاہوما کا دورہ بھی کیا تھا۔

ڈیموکریٹ پارٹی نے آئندہ ہفتے ہونے والے اپنے قومی کنونشن کے مزید مقررین اور کنونشن میں پرفارم کرنے والے گلوکاروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے جب کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم نے اعلان کیا ہے کہ صدر آئندہ ہفتے 'سوئنگ اسٹیٹس' کا دورہ کریں گے۔

امریکہ کی سیاست میں 'سوئنگ اسٹیٹس' ان ریاستوں کو کہا جاتا ہے جہاں ملک کی دونوں بڑی سیاسی جماعتوں ری پبلکن اور ڈیموکریٹس میں سے کسی کو بھی واضح اکثریت حاصل نہیں ہے اور یہاں سے کبھی ایک تو کبھی دوسری جماعت کے امیدوار کامیاب ہوتے ہیں۔

دوسری مدت کے لیے امریکہ کی صدارت کا انتخاب لڑنے والے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کی جانب سے جمعے کو اعلان کیا گیا ہے کہ صدر پیر کو وسکانسن اور منی سوٹا جب کہ منگل کو ایریزونا کا دورہ کریں گے۔

انتخابی مہم کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صدر ان ریاستوں میں انتخابی مہم کے سلسلے میں ہونے والے اجتماعات سے خطاب کریں گے۔

اعلامیے کے مطابق منی سوٹا اور وسکانسن میں صدر کی تقاریر کا موضوع ان کے متوقع ڈیموکریٹ حریف جو بائیڈن کی "روزگار اور معیشت سے متعلق ناکامیاں" ہو گا جب کہ ایریزونا میں اپنے خطاب میں صدر "سرحدوں کی حفاظت اور امیگریشن سے متعلق جو بائیڈن کی ناکامیوں" پر اظہارِ خیال کریں گے۔

صدر ٹرمپ کا سوئنگ اسٹیٹس کا یہ دورہ ایسے وقت ہو گا جب پیر سے ڈیموکریٹک پارٹی کا نیشنل کنونشن شروع ہو رہا ہے۔ اس کنونشن میں پارٹی جو بائیڈن کو باضابطہ طور پر اپنا صدارتی اور سینیٹر کاملا ہیرس کو نائب صدر کا امیدوار نامزد کرے گی۔

واضح رہے کہ امریکہ کی دونوں بڑی سیاسی جماعتیں ہر صدارتی انتخاب سے قبل اپنے اپنے امیدواروں کا باضابطہ اعلان بڑے بڑے کنونشنز میں کرتی ہیں۔ کئی روز تک جاری رہنے والے ان کنونشنز میں ملک بھر سے پارٹی رہنما اور ہزاروں کارکن شریک ہوتے ہیں۔

امریکہ: صدارتی انتخابات میں ڈاک کے ذریعے ووٹنگ پر خدشات
please wait

No media source currently available

0:00 0:03:17 0:00

تاہم کرونا وائرس کے کیسز میں دوبارہ اضافے کے بعد ڈیموکریٹس نے اس بار اپنا چار روزہ کنونشن بڑی حد تک ورچوئل یعنی آن لائن کرنے کا اعلان کیا ہے۔

چار روزہ آن لائن کنونشن میں عوام اور میڈیا کی دلچسپی برقرار رکھنے کے لیے ڈیموکریٹس نے کئی نمایاں سیاست دانوں کے خطابات اور معروف گلوکاروں کی پرفارمنس بھی شامل کی ہے۔

کنونشن سے سابق صدر براک اوباما اور ان کی اہلیہ مشیل اوباما، 2016 میں پارٹی کی صدارتی امیدوار اور سابق وزیرِ خارجہ ہیلری کلنٹن اور ان کے شوہر سابق صدر بل کلنٹن بھی خطاب کریں گے۔

جمعے کو جاری کی جانے والی تفصیلات کے مطابق کنونشن میں معروف گلوکار جان لیجنڈ، گلوکارہ بلی آئلش، ریپر کامن، اداکار و گلوکار بلی پورٹر اور بینڈ 'دی چکس' بھی پرفارم کریں گے۔

کنونشن کے پہلے سے طے شدہ مقررین میں شامل ہونے والا نیا اور تازہ ترین نام ارب پتی تاجر، نیویارک شہر کے سابق میئر اور سابق صدارتی امیدوار مائیکل بلوم برگ کا ہے۔

کرونا وبا کی وجہ سے سیاسی جماعتیں ورچوئل یعنی آن لائن تقریبات کا اہتمام کر رہی ہیں۔
کرونا وبا کی وجہ سے سیاسی جماعتیں ورچوئل یعنی آن لائن تقریبات کا اہتمام کر رہی ہیں۔

بلوم برگ سال 2020 کے صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹ پارٹی کی نامزدگی کی دوڑ میں شامل تھے اور انہوں نے صرف چند ماہ جاری رہنے والی اپنی انتخابی مہم پر خود اپنی جیب سے ایک ارب ڈالر تک خرچ کیے تھے۔ تاہم پارٹی کے پرائمری انتخابات میں خاطر خواہ نتائج نہ ملنے کے بعد وہ انتخابی مہم سے دستبردار ہو گئے تھے۔

سابق نائب صدر جو بائیڈن کنونشن کے آخری دن جمعرات کو جب کہ ان کے ساتھ نائب صدر کی امیدوار سینیٹر کاملا ہیرس بدھ کو کنونشن سے خطاب کریں گی۔

امریکہ میں صدر کے عہدے کی مدت چار سال ہے اور کوئی بھی شخص زیادہ سے زیادہ دو بار اس عہدے پر فائز ہو سکتا ہے۔ صدر ٹرمپ دوسری مدتِ صدارت کے لیے ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ہیں جن کی نامزدگی کا باقاعدہ اعلان پارٹی 24 اگست سے شروع ہونے والے اپنے چار روزہ کنونشن میں کرے گی۔

کرونا کے باعث ری پبلکن پارٹی نے بھی اپنے کنونشن کی تقریباً تمام ہی تقریبات آن لائن منتقل کر دی ہیں۔ تاہم پارٹی کی طرف سے تاحال کنونشن کا تفصیلی پروگرام جاری نہیں کیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG