عمران خان سے کہا ہے کہ سندھ میں گورنر راج لگا دیں: شیخ رشید
وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ سندھ ہاؤس میں جس طرح اراکینِ اسمبلی کی کروڑوں روپے کی بولیاں لگائی جا رہی ہیں، اس کے بعد اُنہوں نے وزیرِ اعظم کو تجویز دی ہے کہ سندھ میں گونرر راج لگا دیں۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ 21 مارچ کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا جا سکتا ہے جب کہ عدمِ اعتماد پر ووٹنگ 31 مارچ یا یکم اپریل کو ہو سکتی ہے۔
سندھ ہاؤس میں منحرف اراکین کی موجودگی کے سوال پر شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ اچھا ہوا یہ چہرے بے نقاب ہو گئے، یہ سب بکنے والے لوگ ہیں۔
سندھ ہاؤس میں تحریکِ انصاف کے 24 اراکینِ اسمبلی موجود ہیں: راجہ ریاض کا دعویٰ
حکمراں جماعت تحریکِ انصاف کے رُکن قومی اسمبلی راجہ ریاض کا کہنا ہے کہ سندھ ہاؤس میں اس وقت تحریکِ انصاف کے 24 اراکینِ قومی اسمبلی موجود ہیں۔
'جیو' نیوز کے میزبان حامد میر سے سندھ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ تحریکِ عدم اعتماد میں اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ دیں گے۔
راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ وہ پارلیمنٹ لاجز پر حملے کی وجہ سے سندھ ہاؤس میں موجود ہیں۔
خیال رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چاروں صوبوں سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے اراکینِ صوبائی اسمبلی کے قیام کے لیے کمپاؤنڈ بنائے گئے ہیں۔
ان کمپاؤنڈز کی سیکیورٹی بھی متعلقہ صوبائی حکومت ہی کے ذمے ہوتی ہے۔
تحریکِ انصاف کی سیاسی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس
وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت اسلام آباد میں تحریکِ انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا ہے۔
اجلاس میں وزیرِ اعظم کے خلاف آنے والی تحریکِ عدم اعتماد کے بعد کی صورتِ حال پر مشاورت کی گئی۔
مقامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق اجلاس میں اسپیکر اسد قیصر، وفاقی وزیر شفقت محمود، پرویز خٹک، فواد چوہدری کے علاوہ اٹارنی جنرل خالد جاوید خان بھی شریک ہوئے۔
خیال رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے بدھ کو سوات میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ سندھ ہاؤس میں ہارس ٹریڈنگ ہو رہی ہے اور نوٹوں کی بوریاں وہاں لائی جا رہی ہیں۔
سندھ ہاؤس ہارس ٹریڈنگ کا گڑھ بن چکا ہے: فواد چوہدری
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں سندھ ہاؤس ہارس ٹریڈنگ کا گڑھ بن چکا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہ سب خلاف آئین ہے، لہذٰا اس پر سخت ایکشن لیں گے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اطلاعات یہ ہیں کہ سندھ ہاؤس میں اراکین اسمبلی کی منڈیاں لگائی جا رہی ہیں اور پیسہ چل رہا ہے۔
فواد چوہدری کے بیان پر سندھ کے صوبائی وزیر ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ ہم سندھ ہیں 'ہند' نہیں۔