ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کے خصوصی انتظامات
سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے مطابق ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کے 370 سے زائد اہل کار تعینات کیے گئے ہیں۔
اہم شاہراہوں پر ریلیوں کے گزرنے کے دوران ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑا جارہا ہے۔
حکومت سے نجات کے لیے عوام کو نکلنا ہو گا: شہباز شریف
پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف نے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کا پیغام عوام تک پہنچاتے ہوئے کہا کہ اس حکومت نے عوام کو بدترین مہنگائی اور بے روزگاری دی ہے۔ اس لیے عوام کو موجودہ حکومت سے نجات کے لیے گھروں سے نکلنا ہوگا۔
اپوزیشن کو کچھ ملنے والا نہیں: شیخ رشید کا دعویٰ
وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان آخری بال تک کھیلیں گے اور تحریکِ عدم اعتماد کو اپوزیشن کو کچھ ملنے والا نہیں۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ اگر اپوزیشن سمجھ رہی ہے کہ اقتدار ان کی جھولی میں آئے گا تو یہ ان کی غلط فہمی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سارا اسلام آباد کھلا ہے اور وزیرِ اعظم عمران خان اپنا خطاب شام ساڑھے پانچ بجے تک کرنا چاہتے ہیں۔
شیخ رشید کا اسلام آباد میں ہونے والے جلسے سے متعلق کہنا تھا کہ امن و امان قائم رکھنے کے لیے نو سے دس ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں اور اگر جے یو آئی نے تصادم کیا تو قانون حرکت میں آئے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر سری نگر ہائی وے کو بلاک کیا گیا تو چیف جسٹس سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق اسلام آباد کی انتظامیہ ایکشن لے گی۔ ان کے بقول اپوزیشن کا جمہوریت کا معیار اتنا گر چکا ہے کہ ایک قاتل کو بھی دبئی سے بلایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان عدم اعتماد میں نہیں بچ رہا تو اللہ اسے بہت عزت دینے جا رہا ہے۔
متحدہ اپوزیشن کی طرف سے قومی اسمبلی میں جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ان کے پاس اندر کی خبر ہے اور اپوزیشن کو کچھ ملنے نہیں جا رہا۔ اپوزیشن کی نالائقی سے عمران خان مقبول ہو گئے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ قبل از وقت انتخابات کا حامی ہوں اور بجٹ پاس کرا کر حکومت کو انتخابات میں جانا چاہیے۔
تحریک انصاف کا جلسہ؛ نجی میڈیا کی کوریج پر پابندی
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے پریڈ گراؤنڈ میں ہونے والے جلسے کے لیے نجی میڈیا کو کوریج سے روک دیا گیا ہے۔
پولیس، انتظامیہ اور تحریک انصاف نے رات بارہ بجے جلسہ گاہ سے نکل جانے کا کہا اور اتوار کو کسی نجی میڈیا کے کیمرہ پرسن کو پریڈ گراؤنڈ میں جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔
تحریکِ انصاف کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ جلسہ گاہ کی کوریج کے لیے صرف سرکاری میڈیا کو اجازت دی گئی ہے۔ نجی میڈیا کے کسی کیمرہ پرسن کو پریڈ گراؤنڈ میں داخلے کی اجازت نہیں ہے۔
صحافیوں کو کیمرے کے بغیر جلسہ گاہ جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے پریڈ گراؤنڈ میں مرکزی اسٹیج کے قریب میڈیا کے لیے الگ جگہ بھی مختص کی گئی ہے۔
یہ پہلا موقع قرار دیا جا رہا ہے جب کسی عوامی جلسے کی کوریج سے نجی میڈیا کو پابند کیا گیا ہو۔