لوٹ مار کے ذمہ داروں کو سرپرائز ملنا شروع ہوگئے: سعد رفیق
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیرِ ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ''سلیکٹڈ کی رخصتی کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع'' ہو چکا ہے۔
سعد رفیق نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ اب تر حالات اور لوٹ مار کے ذمہ داروں کو سرپرائز ملنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
قومی اسمبلی کا اجلاس آج، تحریک عدم اعتماد ایجنڈے میں شامل
قومی اسمبلی کا اجلاس آج بروز پیر کو دوبارہ ہو رہا ہے۔
دو روز کے وقفے کے بعد پیر کو ہونے والا اجلاس سہ پہر چار بجے شروع ہو گا۔ اجلاس کے ایجنڈے میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی شامل ہے۔
اس کے علاوہ اجلاس کے ایجنڈے میں مفادِ عامہ کے معاملات پر توجہ دلاؤ نوٹس بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔
خیال رہے کہ اتوار کو ہونے والے قومی اسمبلی کے غیرمعمولی اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد پیش نہیں کی جا سکی تھی۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے مرحوم رکن کے لیے فاتحہ خوانی کے بعد اجلاس ملتوی کردیا تھا۔
عدم اعتماد پر ووٹ دینے والوں کو قوم معاف نہیں کرے گی: عمران خان
عمران خان نے پریڈ گراؤنڈ میں اپنے خطاب کے دوران کہا کہ پارلیمنٹ میں عدم اعتماد کی تحریک پر جب ووٹنگ ہوگی تو پوری قوم دیکھے گی۔ جو ہماری طرف سے ووٹ دینے جائے گا ان کے لیے پیغام ہے کہ ایسا نہ کرنا عوام آپ کو معاف نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ 25 کروڑ روپے لے کر اگر آپ عوام کے پاس جا کر یہ کہیں گے کہ ضمیر جاگ گیا، تو یہ بات قوم نہیں مانے گی۔ ان کے بقول اگر حکومت اتنی ہی بری تھی تو جمہوریت میں ایک ہی راستہ ہوتا ہے کہ اپنی رکنیت سے استعفیٰ دیں۔
اسلام آباد: پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن جلسہ گاہ پہنچ گئے
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن جلسہ گاہ پہنچ گئے ہیں۔
مولانا فضل الرحمٰن سری نگر ہائے وے پر موجود اپنے کارکنوں سے خطاب کریں گے۔
اسلام آباد کے سری نگر ہائی وے کے ساتھ متصل جلسہ گاہ میں جمیعت علمائے اسلام ف کے کارکن گزشتہ شب سے موجود ہیں۔
حکمران جماعت تحریک انصاف کے پریڈ گراؤنڈ جلسے کے باعث اسلام آباد کی انتظامیہ نے حزب اختلاف کو سری نگر ہائی وے پر جلسے کی جگہ کی اجازت دی تھی۔
دوسری طرف مسلم لیگ ن کا لانگ مارچ مریم نواز اور حمزہ شہباز کی قیادت میں گوجرانوالہ سے اسلام آباد کی جانب روانہ ہوگیا ہے۔
لاہور سے شروع ہونے والا مارچ پیر کی شام اسلام آباد میں داخل ہوگا اور سری نگر ہائی وے پر حزب اختلاف کے جلسے کے مقام پر پہنچے گا۔