مسئلہ وزارتِ اعلیٰ کا حصول نہیں کرپٹ حکومت کا خاتمہ ہے: حمزہ شہباز
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں پیپلزپارٹی، جہانگیر ترین گروپ اور آزاد ارکان کے ساتھ مل کر حکومت بنائیں گے۔
لاہور میں ہفتے کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ وزارتِ اعلیٰ کا حصول نہیں بلکہ کرپٹ حکومت کا خاتمہ ہے۔
حمزہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وہ علیم اور ترین گروپ سمیت تمام دوستوں کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ نمبر گیم پورا ہے اور ان کے پاس میڈیا کے تصور سے زیادہ ووٹ ہیں۔
قوم اطمینان رکھے، یہ بازی عمران خان جیتے گا: فیصل جاوید
پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا ہے کہ قوم اطمینان رکھے، یہ بازی عمران خان ہی جیتے گا۔
سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ''قوم اطمینان رکھے، آپ عمران خان کو سب سے زیادہ عزیز ہیں، اللہ کی مدد سے اس قوم کی امید کبھی نہیں ٹوٹے گی۔''
انہوں نے کہا کہ ''یہ بازی کپتان ہی جیتے گا، فیصلہ کن گھڑی قریب ہے۔''
پنجاب اسمبلی اجلاس کچھ دیر بعد ہوگا
پنجاب میں اگلے وزیراعلیٰ کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے امیدوار آمنے سامنے ہیں۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس کچھ دیر بعد شروع ہوگا، جس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے استعفے کے بعد ایوان کے نئے قائد کے انتخاب کے عمل کا آغاز ہوگا۔
پاکستان تحریک انصاف کے حکومتی اتحاد کے امیدوار پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی ہیں جب کہ حزبِ اختلاف میں شامل جماعتوں نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کو وزارتِ اعلیٰ کے لیے نامزد کیا ہے۔
ہفتے کو ہونے والے اجلاس سے متعلق سیکریٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کا کہنا ہے کہ آج کوئی خاص کارروائی نہیں ہوگی بلکہ اسپیکر صرف شیڈول جاری کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ قائدِ ایوان کے انتخاب کے لیے آج ووٹنگ نہیں ہو گی، یہ اسپیکر کا اختیار ہے کہ وہ اتوار کو ووٹنگ کرواتے ہیں یا پیر کو۔
جہانگیر ترین گروپ متحدہ اپوزیشن کے امیدوار کی حمایت کرے گا: اسحاق ڈار
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب میں جہانگیر ترین گروپ متحدہ اپوزیشن کے امیدوار حمزہ شہباز کی حمایت کرے گا۔
اسحاق ڈار نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ جہانگرین خان ترین کے ساتھ مذاکرات کا آخری دور نتیجہ خیز رہا۔ اور باہمی طور پر یہ اتفاق کیا گیا ہے کہ جہانگیر ترین گروپ پنجاب میں وزیراعلیٰ کے لیے متحدہ اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار حمزہ شہباز شریف کی حمایت کرے گا۔