رسائی کے لنکس

بھارت نے دو پاکستانی شہریوں کو رہا کر دیا


بھارت کی بارڈر سیکورٹی فورسز نے کراچی کے رہائشی عمران وارثی اور صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کے علاقے مینگوہ کے رہائشی عبداللہ شاہ کو واہگہ بارڈر پر پنجاب رینجرز حکام کے حوالے کیا۔
دستیاب دستاویزات کے مطابق گلشن اقبال کراچی کا رہائشی چھتیس سالہ عمران وارثی چھبیس دسمبر سنہ دو ہزار تین کو واہگہ بارڈر کے راستے ویزہ لیکر بھارت گیا تھا۔ جہاں اس نے کلکتہ میں اپنی کزن شازیہ سے شادی کر لی ۔شادی کے بعد عمران وارثی کے ہاں دو بچے پیدا ہوئے اور کچھ عرصہ بعد جب اس کا ویزہ ختم ہو گیا تو اس نے ویزے میں مزید توسیع کے لئے درخواست نہ دی اور بغیر ویزے کے بھارتی شہر بھوپال میں زندگی گزارنا شروع کر دی۔ اطلاعات کے مطابق عمران وارثی کے سسرالی رشتہ داروں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس کی غیر قانونی رہائش کی اطلاع دی، جس پر اسے سنہ دو ہزار سات میں گرفتار کر لیا گیا اور دس سال کی سزا سنائی گئی۔

عمران کی سزا رواں برس انیس جنوری کو مکمل ہوگئی لیکن سزا مکمل ہونے کے باوجود عمران وارثی کو رہا نہ کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق بھوپال کے سماجی کارکن سید عابد حسین نے پاکستانی ہائی کمیشن اور کراچی میں عمران وارثی کے خاندان کو اس کی سزا ختم ہونے کے بارے میں اطلاع دی۔ جس کے بعد نئی دہلی میں پاکستانی سفارتخانے کے حکام نے عمران وارثی کو پاکستان واپس بھجوانے کی کوششیں کیں اور اس کے کاغذات تیار کروائے۔

بھارت سے دوسرا رہا ہونے والا شخص عبداللہ شاہ گزشتہ برس پچیس مئی کو دوستوں کے ساتھ پریڈ دیکھنے واہگہ بارڈر آیا اور دوران پریڈ اچانک چھلانگ لگا کر زیرولائن کراس کر گیا تھا۔ جس پر اسے بھارت کی بارڈر سیکورٹی فورسز نے گرفتار کر لیا تھا۔ عدالت نے عبداللہ شاہ کو چھ ماہ کی سزا سناتے ہوے اُسے امرتسر جیل بھجوا دیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق عبداللہ شاہ کا ذہنی توازن درست نہیں۔ وہ بھارتی اداکار شاہ رخ خان کا پرستار ہے اور اسے ملنا چاہتا تھا۔ عبداللہ شاہ کو اگست سنہ دو ہزار سترہ میں قونصلر رسائی دی گئی جبکہ پندرہ دسمبر دو ہزار سترہ کو اس کی پاکستانی شہریت کی تصدیق کی گئی۔

بھارتی بی ایس ایف نے دونوں پاکستانی شہریوں کو جب واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان بھجوایا تو دونوں کی خوشی اُنکے چہروں سے عیاں تھی۔

یاد رہے کہ پاکستان نے گزشتہ ہفتے مبینہ بھارتی جاسوس حامد انصاری کو سزا پوری ہونے پر واہگہ بارڈر کے راستے بھارتی حکام کے حوالے کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG