رسائی کے لنکس

امریکی قائم مقام وزیر دفاع پیٹ شناہن کا مختصر دورہ افغانستان


پیٹرک شناہن اور دیگر عہدیدار
پیٹرک شناہن اور دیگر عہدیدار

امریکہ کے قائم مقام وزیر دفاع پیٹرک شناہن نے پیر کو افغانستان کا مختصر دورہ کیا جہاں انہوں نے افغان رہنماؤں اور امریکی کمانڈروں سے ملاقات کی۔

انہوں نے افغانستان کا دور ہ ایک ایسے وقت کیا ہے جب مذاکرات کار افغانستان میں 2001ء سے جاری لڑائی کے خاتمے اور کسی امن سمجھوتے کے لئے بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

شناہن نے اپنے ساتھ سفر کرنے والے نامہ نگاروں کو بتایا کہ وہ افغان عہدیدارو ں کو یہ باور کرانا چاہتے ہیں کہ ان کا مذاکرات میں شامل ہونا کس قدر اہم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے امریکی معاونت اہم ہے لیکن اپنے ملک کے مستقبل کا فیصلہ افغانوں کو ہی کرنا ہے۔

افغان صدر اشرف غنی کی حکومت امریکہ کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد اور طالبان کے درمیان ہونے والی بات چیت میں شامل نہیں تھی۔

خلیل زاد نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ ان کے خیال میں جولائی میں ہونے والے افغان صدارتی انتخابات سے پہلے امن سمجھوتہ طے پا سکتا ہے۔ زلمے خلیل زاد کی قیادت میں امریکی وفد بات چیت کے آئندہ دور کے لیے 25 فروری کو قطر میں ملاقات کرے گا۔

شناہن نے کہا کہ پینٹاگون بات چیت میں سہولت کار کا اہم کردار ادا کر رہا ہے اور اس سلسلے میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور قومی سلامتی کے امریکی مشیر جان بولٹن کے ساتھ نہایت مربوط انداز میں کام کر رہا ہے۔

شناہن نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ اس وقت معاملات ایک ایسے مرحلے پر ہیں جہاں وہ اس بات کے امکانات کا جائزہ لے سکتے ہیں کہ کس فریق کو کس سے کیا بات کرنی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہاکہ انہیں افغانستان میں تعینات امریکی فوجیوں کی تعداد کو کم کرنے سے متعلق کوئی ہدایت نہیں ملی۔

پیٹ شناہن نے کہا کہ میرے خیال میں ہم افغانستان میں اسی حد تک فوج کی موجودگی چاہتے ہیں جس سے ملکی دفاع یقینی بنایا جا سکے اور خطے میں استحکام پیدا ہو سکے۔

ان کے دورے میں کابل سے باہر واقع فوجی اڈے پر مختصر قیام بھی شامل تھا جہاں امریکہ کی اسپیشل فورسز افغان سیکورٹی اہلکاروں کو تربیت فراہم کرتی ہیں۔

شناہن نے کہا کہ میرے لیے اس دورے کا مقصد مکمل صلاحیت کو ایک تناظر میں رکھنا ہے۔ یہ وہی تناظر ہے جس کا ذکر جنرل ملر نے مجھ سے کیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو کچھ میں نے دیکھا وہ میرے لیے حوصلہ افزا ہے۔

XS
SM
MD
LG