رسائی کے لنکس

جینیفر لارنس دنیا کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ


اداکارہ جینیفر لارنس نے پچھلے سال سب سے زیادہ معاوضہ حاصل کرنے والی اداکارہ سینڈرا بلاک کو پیچھے چھوڑ کر پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے

ہالی وڈ کی دلکش اداکارہ جینیفر لارنس نے بلاک بسٹر فلم دی ہنگر گیمز سے بے پناہ شہرت سمیٹی ہے، لیکن اب ان کی شہرت دنیا کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ کی حیثیت سے بھی کی جائے گی۔

فوربز میگزین کی سال 2015 کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی اداکاراؤں کی فہرست میں جینیفر لارنس سر فہرست ہیں۔

میگزین کی طرف سے جاری کردہ فہرست کے مطابق دنیا کی سب سے زیادہ آمدنی کمانے والی اداکاراؤں کی فہرست میں ہالی وڈ کی اداکارائیں سر فہرست ہیں،جبکہ صرف ایک چینی اداکارہ فین بنگ بانگ فہرست میں جگہ حاصل کر سکی ہے، لیکن بالی وڈ فلمی صنعت کی کوئی اداکارہ درجہ بندی میں شامل نہیں۔

فوربز کی طرف سے دنیا بھر کی بھاری معاوضہ لینے والی اداکاراؤں کی سالانہ آمدنی کے تجزیہ کے بعد ان کی درجہ بندی کی گئی ہے،جس کے مطابق 25 سالہ اداکارہ جینیفر لارنس نے پچھلے سال سب سے زیادہ معاوضہ حاصل کرنے والی اداکارہ سینڈرا بلاک کو پیچھے چھوڑ کر پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے جبکہ سینڈرا بلاک ڈرامائی طور پر بارہویں نمبر ہیں ۔

جینیفر لارنس فلمی صنعت سے تعلق رکھنے والے بہت سے اداکاروں سے آگے نکل گئی ہیں۔ صرف فلم ایونجرز کے ہیرو رابرٹ ڈاونی اپنی 80 ملین ڈالر کی آمدنی کے ساتھ جینیفر لارنس سے آگے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جینیفر لارنس نے سال 2014 میں 34 ملین ڈالر کی آمدنی حاصل کی جبکہ رواں برس ان کی آمدنی اضافے کے ساتھ 52 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے جس میں ان کی فلم دی ہنگر گیمز کی آمدنی اور دوسری فلموں کی آمدنی کے علاوہ پرفیوم ڈائر کے منافع بخش معاہدے سے حاصل ہونے والی آمدنی بھی شامل ہے۔

ان کی فلم دی ہنگر گیمز ہالی وڈ کی چند بڑی فلموں میں سے ایک بتائی جاتی ہے جس میں مرکزی کردار ایک اداکارہ نے ادا کیا ہے۔

سکارلیٹ جونسن
سکارلیٹ جونسن

جینیفر لارنس کے ساتھ بھاری معاوضہ لینے والی داکاراؤں میں دوسری پوزیشن ہالی وڈ کی فلم پرکشش اداکارہ سکارلیٹ جونسن نے حاصل کی ہے،جنھوں نے فلم ایونجرز سے شہرت حاصل کی ہے ،رواں برس انھوں نے 35.5 ملین ڈالر کی آمدنی کمائی ہے.

ان کے بعد فلم برائیڈس میڈیس کی کامیڈین اداکارہ ملیسکامیک کارتھی تیسرے نمبر پر زیادہ کمائی کرنے والی اداکارہ قرار پائی ہیں ،جنھوں نے سال 2014/15 میں 23 ملین ڈالر کی آمدنی حاصل کی ۔

چینی اداکارہ فین بنگ بانگ بھاری معاوضہ حاصل کرنے والی اداکاراؤں کی فہرست میں چوتھے نمبر ہیں جن کی وجہ شہرت ہالی وڈ کی فلمیں ایکس مین اور ڈیز آف فیوچر پاسٹ بھی ہے ان کی بارہ ماہ کی کل آمدنی 21ملین ڈالر ہے ۔

اداکارہ جینیفر انسٹن 16.5 ملین ڈالر کی آمدنی کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں ان کے علاوہ جولیا رابرٹ اور انجلینا جولی اور کرسٹین اسٹیورٹ کا نام بھی درجہ بندی میں شامل ہے ۔

دنیا کی 18 اعلی معاوضہ حاصل کرنے والی اداکاراؤں نے مجموعی طور پر 281 ملین ڈالر کی کمائی کی ،جن میں سے صرف 4اداکاراؤں نے 20ملین ڈالر سے زیادہ آمدنی کمائی ہے ان کے مقابلے میں 21 اداکاروں نے 20 ملین سے زیادہ آمدنی جمع کی ہے جبکہ میگزین نے سالانہ 6ملین ڈالر کمانے والی اداکاراؤں کو بھی درجہ بندی میں شامل کیا ہے ۔

XS
SM
MD
LG