رسائی کے لنکس

کابل میں برٹش کونسل کی عمارت پر حملہ، 9 افراد ہلاک


کابل میں برٹش کونسل کی عمارت پر حملہ، 9 افراد ہلاک
کابل میں برٹش کونسل کی عمارت پر حملہ، 9 افراد ہلاک

افغان حکام اور عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کابل میں جمعہ کی صبح کم از کم دو خودکش بم دھماکوں اور اس کے بعد شدت پسندوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ میں نو افراد ہلاک ہو گئے۔

افغانستان کے 92 ویں یوم آزادی کے روز ہونے والے اس منظم حملے میں دارالحکومت میں قائم برطانیہ کے ثقافتی مرکز کو نشانہ بنایا گیا۔

وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ بارود سے لدی ایک گاڑی میں سوار خودکش بمبار نے شہر کے مغربی حصے میں واقع برٹش کونسل کی عمارت کے باہر دھماکا کیا، جس کے بعد ایک اور حملہ آور نے اندر داخل ہو کر جسم سے بندھے بارودی مواد میں دھماکا کیا۔

دونوں دھماکوں کے بعد سکیوڑی فورسز اور عمارت میں داخل ہونے والے مزید شدت پسندوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ پانچ گھنٹے تک جاری رہا۔ عمارت میں موجود حملہ آوروں کی تعداد معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

طالبان کے ایک ترجمان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ خودکش حملہ آوروں نے برٹش کونسل کے دفاتر کو نشانہ بنایا۔

برطانوی سفارت خانے کے ایک عہدے دار نے نام ظاہر نا کرنے کی شرط پر امریکی خبررساں ادارے کو بتایا کہ سفارت خانہ موقع پر موجود افغان حکام سے مسلسل رابطے میں ہے۔

افغان حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے اس قدر شدید تھے کہ تقریباً ایک کلو میٹر کے علاقے میں واقع عمارتوں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

XS
SM
MD
LG