رسائی کے لنکس

کابل میں ہزارہ برادری کا ایک بڑا مظاہرہ


ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے بجلی کی تاریں بچھانے کے پہلے سے طے شدہ روٹ کو تبدیل کرنے کے خلاف ایک بڑا مظاہرہ کیا۔

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پیر کو اقلیتی ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے بجلی کی تاریں بچھانے کے پہلے سے طے شدہ روٹ کو تبدیل کرنے کے خلاف ایک بڑا مظاہرہ کیا اور اس دوران حکام نے شہر کے کئی راستوں کو بند کر دیا ہے۔

پیر کی صبح ہزارہ برادری کے ارکان وسطی کابل جانے والی سڑکوں پر جمع ہو گئے تھے مگر صدارتی محل تک جانے کا راستہ بند کر دیا گیا اور مسلح پولیس نے کابل کے تجارتی علاقے میں شپنگ کنٹینر لگا کر تمام ٹریفک اور پیدل آمدورفت کو بند کر دیا۔

مظاہرے کے بعد شہر کی اکثر دکانیں بند کر دی گئیں اور مسلح پولیس کے دستوں نے شہر میں اپنی پوزیشنیں سنبھال لی ہیں۔ حکام نے مظاہرے کے منتظمین کو بتایا ہے کہ ان کی ریلی کو ایک مخصوص راستے تک محدود رکھا جائے گا اور انہیں صدارتی محل کے قریب نہیں جانے دیا جائے گا۔

ہزارہ برادری کی طرف سے نومبر میں کیا جانے والا ایک مظاہرہ پر تشدد شکل اختیار کر گیا تھا۔

کابل میں امریکی سفارتخانے نے اپنا قونصلر سیکشن بند کر دیا ہے اور امریکیوں کو کابل کے اندر اپنی نقل و حرکت کو محدود رکھنے کا انتباہ جاری کیا ہے۔

کابل میں امریکی سفارتخانے کی طرف سے ایک ہنگامی پیغام میں کہا گیا کہ ’’پُرامن مظاہروں میں بھی محاز آرائی کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے جو پر تشدد شکل اخیتار کر سکتی ہے۔‘‘

مظاہروں کی قیادت کرنے والے ایک رہنما داؤد ناجی نے کہا کہ ہزارہ برادری بجلی کی کروڑوں ڈالر مالیت کی مجوزہ علاقائی لائن تک رسائی مانگ رہی ہے۔ یہ لائن ترکمانستان، ازبکستان، تاجکستان، افغانستان اور پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے تعمیر کی جائے گی۔

اصل منصوبے کے تحت اس لائن کو افغانستان کے وسطی پہاڑی علاقے میں واقع صوبے بامیان سے گزرنا تھا جہاں ہزارہ برادری کی اکثریت آباد ہے۔ مگر افغانستان کی گزشتہ حکومت نے اس میں تبدیلی کر دی تھی اور اب مجوزہ پاور لائن بامیان سے نہیں گزرے گی۔

مظاہرین کا مؤقف ہے کہ پاور لائن کو ان کے علاقے کی بجائے کسی دوسرے علاقے سے گزارنے کا منصوبہ ہزارہ برادری کے خلاف طویل عرصہ سے جاری تعصب کو ظاہر کرتا ہے۔

ہزارہ برادری افغانستان کی لگ بھگ تین کروڑ آبادی کے 15 فیصد پر مشتمل ہے۔ انہیں ملک کے تمام نسلی براردریوں میں غریب ترین تصور کیا جاتا ہے۔

XS
SM
MD
LG