رسائی کے لنکس

انتخابات نے افغانستان کو باوقار بنایا: افغان صدر


Afghanistan Elections
Afghanistan Elections

مسٹر کرزئی کا کہنا تھا کہ انتخابات میں عوام کی شمولیت نے "ہمارے پیارے وطن کو باعزت اور کامیاب" بنایا۔

افغانستان کے صدر حامد کرزئی نے طالبان شدت پسندوں کی طرف سے دھمکیوں کے باوجود بڑی تعداد میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے پر افغان عوام کو سراہا ہے۔

مسٹر کرزئی کا کہنا تھا کہ انتخابات میں عوام کی شمولیت نے "ہمارے پیارے وطن کو باعزت اور کامیاب" بنایا۔

ہفتہ کو ہونے والے صدارتی انتخابات ملک میں جمہوری انداز میں انتقال اقتدار کا پہلا مرحلہ تھا اور اس دوران ووٹ ڈالنے کے لیے لوگوں کی اتنی بڑی تعداد نے پولنگ اسٹیشنز کا رخ کیا کہ بعض مقامات پر بیلٹ پیپرز کی کمی کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

افغانستان کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے جان کوبس نے بھی افغان عوام کی انتخابات میں بھرپور شرکت کی تعریف کی۔

اس سے پہلے امریکہ کے صدر براک اوباما نے بھی ایک بیان میں افغان عوام کو "تاریخی "انتخابات میں ووٹ ڈالنے پر مبارکباد پیش کی تھی۔ انھوں نے اس موقع پر ان امریکی شہریوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے ان انتخابات کو ممکن بنانے کے لیے "بے شمار قربانیاں" دیں۔

صدر اوباما کا کہنا تھا کہ انتخابات کا انعقاد افغانستان کے لیے جمہوری مستقبل اور بین الاقوامی حمایت جاری رہنے کے لیے بہت اہم تھا۔

انتخابات کے ابتدائی نتائج رواں ماہ کے اواخر تک سامنے آئیں گے جبکہ حتمی نتائج کا اعلان 14 مئی تک کیا جائے گا۔ اگر امیدواروں میں سے کوئی بھی 50 فیصد ووٹ حاصل نہ کرسکا تو انتخابات کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگا۔

امریکہ کے وزیردفاع چک ہیگل نے کہا ہے کہ ڈالے گئے ووٹوں کی شرح یہ "دنیا پر یہ ظاہر کرتی ہے کہ افغان عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا چاہتے ہیں۔"

نیٹو کے سیکرٹری جنرل نے بھی انتخابات پر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ "ہر ایک ووٹ جمہوریت کے لیے ووٹ تھا"۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے افغان عوام کی بڑی تعداد میں انتخابات میں شمولیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ طالبان اور دیگر انتہا پسند گروپوں کی دھمکیوں کے باوجود لوگوں کی شرکت کی قابل تعریف ہے۔
XS
SM
MD
LG