رسائی کے لنکس

افغان صدر اشرف غنی پاکستان کا دورہ کریں گے


افغان صدر اشرف غنی (فائل فوٹو)
افغان صدر اشرف غنی (فائل فوٹو)

افغانستان کے صدر اشرف غنی نے 27 جون کو پاکستان کے دورے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دورے سے دونوں ملکوں کے تعلقات بہتر ہوں گے۔

افغان صدر اشرف غنی نے یہ اعلان منگل کو عیدالفطر کے موقع پر قوم سے خطاب کے دوران کیا ہے۔

دنیا کے بعض دیگر ملکوں کی طرح افغانستان میں بھی عیدالفطر منگل کو منائی گئی۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق عیدالفطر کے موقع پر صدر اشرف غنی نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ ہفتے سعودی عرب میں اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان سے اپنی ملاقات میں پاکستان کا دورہ کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

صدر غنی نے کہا کہ وہ توقع کرتے ہیں کہ ‘‘یہ دورہ مثبت ہو گا۔’’

وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ جمعے کو سعودی عرب میں افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے ددطرفہ تعلقات اور افغان امن کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اس موقع پر پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے پرامن اور مستحکم افغانستان کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے افغان تنازع کے سیاسی تصفیے کے لیے افغانوں کی قیادت اور سرپرستی میں افغان امن عمل کی حمایت کا اعادہ کیا تھا۔

وزیر اعظم عمران خان یہ کہہ چکے ہیں کہ صدر اشرف غنی کا دورہ پاکستان دونوں ملکوں کے سیاسی، سیکورٹی، اقتصادی اور عوامی سطح پر رابطوں کو موثر بنانے کا موقع فراہم کرے گا۔

حالیہ مہینوں میں پاکستان اور افغانستان کے تعلقات تناؤ کا شکار رہے ہیں اور کابل اسلام آباد پر افغان طالبان کی حمایت کا الزام عائد کرتا رہا ہے جسے اسلام آباد مسترد کرتا ہے۔

تاہم حال میں ہی پاکستان نے طالبان کو امریکہ کے ساتھ بات چیت کے لیے آمادہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا، جسے امریکہ بھی تسلیم کرتا ہے۔

افغان صدر اشرف غنی نے پاکستان کا دورہ کرنے کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمت، افغانستان میں قیام امن کی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے ایک بار پھر خطے اور دیگر ملکوں کے دورے پر ہیں۔ امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمت زلمے خلیل زاد طالبان نمائندوں سے قطر کے دارالحکومت دوحا میں متعدد ملاقاتیں کر چکےہیں۔

XS
SM
MD
LG