رسائی کے لنکس

افغانستان: خودکش حملے میں پانچ پولیس اہلکار ہلاک


خودکش بمباروں نے مشرقی شہر جلال آباد میں پولیس کے ایک مرکز کو نشانہ بنایا جس میں چار افسر زخمی بھی ہوئے۔

افغانستان میں پولیس حکام نے کہا ہے کہ مشرقی شہر جلال آباد میں منگل کو پولیس کے ایک مرکز پر خودکش حملے میں پانچ افسر ہلاک اور چار زخمی ہو گئے۔

صوبہ ننگر ہار کے حکام کے مطابق فوری جوابی کارروائی کرنے والے پولیس فورس کے خصوصی دستوں کے جلال آباد میں ہیڈکوارٹر کے سامنے ایک خودکش بمبار نے بارود سے بھری گاڑی میں دھماکا کیا۔

جس کے بعد سات دیگر خودکش بمبار عمارت میں داخل ہو گئے جن میں سے تین نے اپنے جسموں سے بندھے بارودی مواد میں دھماکے کیے جب کہ چار پولیس اہلکاروں کے ساتھ لڑائی میں مارے گئے۔

طالبان کے ایک ترجمان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

یہ حملہ ایسے وقت ہوا جب امریکی وزیر خارجہ جان کیری ایک روز قبل یعنی پیر کو افغانستان پہنچے تھے۔

جلال آباد صوبہ ننگرہار کا دارالحکومت ہے اور یہ کابل سے لگ بھگ 120 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔
XS
SM
MD
LG