رسائی کے لنکس

افغانستان: برفانی تودے گرنے سے 186 افراد ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے افغانستان میں ہونے والی ہلاکتوں پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اس آفت سے نمٹنے کے لیے تعاون کی پیشکش کی ہے۔

افغانستان کے صوبہ پنج شیر میں برفافی تودے تلے دب کر ہلاک ہونے والوں کی تعداد جمعرات کو 186 تک پہنچ گئی ہے جب کہ برف کے تودے گرنے سے 100 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔

بدھ کو شمالی صوبہ پنج شیر کے پہاڑی علاقے میں برفانی تودہ گرنے سے درجنوں افراد کے اس تلے دبنے کی خبر منظر عام پر آئی تھی۔

حکام کے مطابق افغانستان اور خاص طور پر پنج شیر میں گزشتہ 30 برسوں کے دوران برفانی تودہ گرنے کا یہ مہلک ترین واقعہ ہے۔

صوبائی حکام نے جمعرات کو بتایا کہ شدید برفباری آئندہ دو روز تک جاری رہ سکتی ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے افغانستان میں ہونے والی ہلاکتوں پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

جمعرات کو ایک سرکاری بیان میں بتایا گیا کہ پاکستانی سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے وزیراعظم نواز شریف کا پیغام اسلام آباد میں افغان سفیر جانان موسیٰ زئی کو پہنچایا۔

وزیراعظم نواز شریف نے پیغام میں بتایا کہ افغانستان میں اس قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے پاکستان ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے اُمور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز نے ایک بیان میں برفانی تودے کا شکار ہونے والوں کے خاندانوں کے نام پیغام میں کہا کہ اس مشکل وقت میں پاکستانی اُن کے ساتھ ہیں۔

افغان عہدیداروں نے متاثرہ علاقوں میں انسانی بحران کا انتباہ کیا ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اُنھوں نے کئی دہائیوں میں ایسی شدید برفباری نہیں دیکھی۔

شدید برفباری کے باعث ہلاک ہونے والوں کی تدفین میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں جب کہ امداد ٹیموں کو بھی متاثر علاقوں تک پہنچے میں دشواری کا سامنا ہے۔

XS
SM
MD
LG