رسائی کے لنکس

افغانستان: بھارتی قونصل خانے کے قریب بم دھماکے میں 9 ہلاک


افغان حکام کا کہنا ہے کہ دھماکا کی وجہ سے جائے وقوع کے قریب ایک مسجد سمیت متعدد گھروں اور دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔

افغانستان کے مشرقی شہر جلال آباد میں ہفتہ کو بھارتی قونصل خانے کے قریب خودکش بم حملے میں کم از کم نو افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے۔

خبر رساں ادارے ’رائیٹرز‘ کے مطابق یہ بم دھماکا بھارتی قونصل خانے کے داخلی دروازے کے نزدیک صبح 10 بجے کے قریب ہوا، جس کے بعد تقریباً ایک گھنٹے تک فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔

صوبائی گورنر کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق قونصل خانے کی عمارت کے نزدیک قائم چوکی پر تعینات محافظوں نے ایک مشتبہ گاڑی کو روکا تو اس میں سوار دو افراد نے اُن پر فائرنگ شروع کر دی۔

فائرنگ کے تبادلے کے دوران گاڑی ہی میں موجود تیسرے شخص نے بارودی مواد سے لدی گاڑی کو دھماکے سے اُڑا دیا۔

ہلاک ہونے والوں میں اکثریت بچوں کی بتائی گئی ہے۔

افغان حکام کا کہنا ہے کہ دھماکا کی وجہ سے جائے وقوع کے قریب ایک مسجد سمیت متعدد گھروں اور دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔

پولیس کے مطابق ہلاک و زخمی ہونے والوں میں ماسوائے ایک افغان فوجی کے باقی تمام عام شہری تھے۔


رائیٹرز کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان سید اکبر الدین نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ’’ٹوئیٹر‘‘ پر کہا ہے کہ ’’دھماکا جلال آباد میں بھارتی قونصل خانے کے سامنے ہوا، تمام بھارتی عہدیدار محفوظ ہیں۔‘‘

کسی گروہ نے فوری طور پر اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

دریں اثناء جمعہ کو افغانستان کے شیرزاد ضلع میں افغان سکیورٹی فورسز اور طالبان کےدرمیان پانچ گھنٹے تک جاری رہنے والی جھڑپ میں درجنوں جنگجو اور پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔
XS
SM
MD
LG