رسائی کے لنکس

افغانستان: پولیس افسر کی فائرنگ سے 7 اہلکار ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

حکام کے مطابق اورزگان کے مرکزی شہر ترینکوٹ میں بدھ کو پولیس افسر نے ایک چیک پوسٹ پر اندھا دھند فائرنگ کی اور فرار ہو گیا۔

افغانستان کے وسطی صوبے اورزگان میں ایک پولیس افسر نے فائرنگ کر کے اپنے سات ساتھیوں کو ہلاک کردیا اور یہ 24 گھنٹوں کے دوران سکیورٹی فورسز کی اپنی فائرنگ سے اپنے ہی ساتھیوں یا اتحادیوں کو ہلاک کرنے کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔

حکام کے مطابق اورزگان کے مرکزی شہر ترینکوٹ میں بدھ کو پولیس افسر نے ایک چیک پوسٹ پر اندھا دھند فائرنگ کی اور فرار ہو گیا۔

اس حملے سے قبل کابل کے قریب ایک فوجی تربیت گاہ میں وردی میں ملبوس شخص نے فائرنگ کر کے ایک امریکی جنرل کو ہلاک اور دیگر 15 افراد کو زخمی کردیا تھا۔ زخمیوں میں ایک جرمن جنرل بھی شامل تھے۔

قبل ازیں تیسرا منگل کو مشرقی صوبہ پکتیا میں ایک افغان پولیس اہلکار نیٹو کے فوجیوں کے ساتھ مسلح جھڑپ میں مارا گیا۔

حالیہ برسوں میں درجنوں ایسے واقعات پیش آ چکے ہیں جن میں افغان سکیورٹی فورسز نے اتحادی فورسز کو گولیوں سے نشانہ بنایا اور ان میں امریکی فوجیوں سمیت متعدد اتحادی اہلکار مارے جا چکے ہیں۔

ان واقعات سے مقامی فورسز اور غیر ملکی افواج کے درمیان بداعتمادی میں اضافہ ہوا۔

رواں ہفتے ہلاک ہونے والے میجر جنرل ہیرلڈ گرین افغانستان میں 13 سال سے جاری لڑائی میں مرنے والے سب سے اعلیٰ امریکی فوجی تھے۔

حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ افغان فوج کی وردی میں ملبوس شخص نے امریکی جنرل کو بہت قریب سے گولیاں ماریں۔ پنٹاگون کے ترجمان کے مطابق امریکی جنرل مارشل فہیم نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں " معمول کے دورے" پر تھے۔

یہ واقعات ایسے وقت پیش آئے ہیں جب رواں سال کے اواخر تک تمام غیر ملکی افواج افغانستان سے وطن واپس کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

XS
SM
MD
LG