رسائی کے لنکس

افغانستان میں پوست کی کاشت میں ریکارڈ اضافہ: اقوام متحدہ


رپورٹ کے مطابق رواں سال کاشت ہونے والی پوست سے ساڑھے پانچ ہزار میٹرک ٹن افیون تیار ہوئی جو کہ گزشتہ برس کی پیداوار سے پچاس فیصد زیادہ ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق افغانستان میں پوست کی کاشت میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جس کی ممکنہ وجہ 2014ء میں نیٹو افواج کے ملک سے انخلا کے بعد صورت حال سے متعلق کسانوں کے معاشی خدشات ہیں۔

منشیات اور جرائم سے متعلق اقوام متحدہ کے دفتر کی طرف سے بدھ کو جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا افغانستان میں دو لاکھ نو ہزار ہیکٹر رقبے پر پوست کاشت کی گئی جب کہ ماضی میں اس کی سب سے زیادہ کاشت 2007ء میں ریکارڈ کی گئی۔ اُس برس پوست ایک لاکھ 93 ہزار ہیکٹر رقبے پر کاشت کی گئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال کاشت ہونے والی پوست سے ساڑھے پانچ ہزار میٹرک ٹن افیون تیار ہوئی جو کہ گزشتہ برس کی پیداوار سے 50 فیصد زیادہ ہے۔ مزید برآں کسان اپنے غیر یقینی مستقبل کے پیش نظر پوست کی کاشت کو ترجیح دیں گے۔

عالمی ادارے کے عہدیدار یوری فیدوتوو نے ایک ایسے وقت جب افغانستان میں مقامی سکیورٹی فورسز ملک میں بتدریج سلامتی کی ذمہ داریاں سنبھال رہی ہیں پوست کی پیداوار میں اضافے کو ’’ ایک انتباہ‘‘ قرار دیتے ہوئے اس ضمن میں ’’جلد کارروائی‘‘ پر زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر اس ضمن میں مزید سنجیدہ اقدامات نہ کیے گئے تو ان کے بقول ’’پوست کا وائرس‘‘ افغانستان کے استحکام کی کوششوں کو متاثر کرسکتا ہے۔
XS
SM
MD
LG