رسائی کے لنکس

افغانستان: حقانی نیٹ ورک کے دو اہم کمانڈر گرفتار


گروپ کے بانی جلال الدین حقانی (فائل فوٹو)
گروپ کے بانی جلال الدین حقانی (فائل فوٹو)

بیان میں کہا گیا ہے کہ انس حقانی شدت پسند گروہ کے سربراہ، اپنے بھائی سراج الدین حقانی کے ساتھ ، حقانی نیٹ سے متعلق اہم فیصلوں میں بھی مبینہ طور پر شریک رہے ہیں۔

افغانستان میں عہدیداروں نے کہا ہے کہ شدت پسند گروہ حقانی نیٹ ورک کے بانی جلال الدین حقانی کے بیٹے انس حقانی سمیت دو اہم کمانڈروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ان کمانڈروں کو افغانستان کے صوبے خوست سے گرفتار کیا گیا، تاہم حکام نے اس کی مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

افغانستان کے نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سکیورٹی کے طرف سے جمعرات کو جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ حقانی نیٹ ورک کے بانی جلال الدین حقانی کے بیٹے انس حقانی اور اس گروہ کے ایک سینیئر کمانڈر حافظ رشید کو گرفتار کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ انس حقانی شدت پسند گروہ کے سربراہ، اپنے بھائی سراج الدین حقانی کے ساتھ ، حقانی نیٹ سے متعلق اہم فیصلوں میں بھی مبینہ طور پر شریک رہے ہیں۔

حقانی نیٹ ورک کے بارے میں کہا جاتا رہا ہے کہ وہ افغان سرحد کے قریب پاکستان کے قبائلی علاقوں سے اپنی سرگرمیاں کرتا رہا ہے اور اس گروہ کے جنگجو افغانستان میں غیر ملکی افواج پر حملوں میں بھی ملوث رہے ہیں۔

بیان کے مطابق انس حقانی عرب ممالک میں لوگوں سے مالی وسائل اکٹھے کرنے کا انچارج رہا ہے جب کہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کی ذریعے مزید لوگوں کو اپنے گروہ میں شامل کرنا بھی اُس کی ذمہ داریوں میں شامل تھا۔

واضح رہے کہ حقانی نیٹ ورک کے بانی کے ایک بیٹے نصیر الدین کو گزشتہ سال نومبر میں اسلام آباد کے مضافات میں نا معلوم افراد نے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ نصیر الدین حقانی کے بارے میں بھی کہا جاتا ہے کہ وہ اپنے گروپ کے لیے مالی وسائل اکٹھے کرنے کا سربراہ تھا۔

XS
SM
MD
LG