حکام نے بتایا ہے کہ افغانستان کے شمالی صوبے قندوز میں ہفتے کی صبح موٹر سائیکل میں نصب ایک بم پھٹنے سے کم ازکم آٹھ افراد ہلاک اور 18زخمی ہوگئے ہیں۔
ضلع امام صاحب میں مقامی پولیس حکام کے مطابق بظاہر اس بم حملے کا ہدف مقامی فورس ’ارباکی‘کے سربراہ تھے ۔ ہلاک ہونے والوں میں اس فورس کے کمانڈر بھی شامل ہیں۔
دریں اثناء افغان عہدیداروں نے بتایا ہے کہ عسکریت پسندوں نے ہفتے کو علی الصبح مشرقی شہر جلال آباد میں ائیرپورٹ اور ایک فوجی اڈے پر حملہ کیا۔
نیٹو نے کہا ہے کہ اُس کے فوجیوں نے آٹھ جنگجوؤں کو ہلا ک کرکے حملے کو پسپا کر دیا ہے۔ حملہ آوروں میں سے ایک نے خودکش جیکٹ پہن رکھی تھی۔
طالبان نے کہا ہے کہ اس حملے میں 14 خودکش بمبار شامل تھے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ہلاک کیے جانے والے جنگجوؤں میں سے تین نے افغان فوج کی وردی پہن رکھی تھی۔