رسائی کے لنکس

افغانستان: فضائی حملے میں 11 پولیس اہلکار ہلاک


فائل
فائل

افغان حکام نے اتوار کی شب ہونے والے اس حملے کی ذمہ داری ابتداً نیٹو پر عائد کی تھی

افغانستان کے جنوبی علاقے میں غلطی سے ہونے والے ایک فضائی حملے میں منشیات فروشوں کے خلاف سرگرم پولیس کے 11 اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

افغانستان کی وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق حملہ صوبہ ہلمند کے ضلع سنگین میں جس مقام پر کیا گیا وہاں پولیس کے کل 20 اہلکار موجود تھے۔

بیان کے مطابق حملے کے نتیجے میں 11 اہلکار ہلاک جب کہ چار زخمی ہوئے ہیں۔ وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد سے ایک اہلکار لاپتا ہے جس کی تلاش جاری ہے۔

افغان حکام نے اتوار کی شب ہونے والے اس حملے کی ذمہ داری ابتداً نیٹو پر عائد کی تھی جس نے واقعے کے وقت علاقے میں اپنے کسی طیارے کی موجودگی کی تردید کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق جس وقت حملہ کیا گیا اس وقت پولیس اہلکار جائے واقعہ پر منشیات فروشوں کے خلاف ایک کارروائی میں مصروف تھے۔

عینی شاہدین کا کہناہے کہ پولیس اہلکار سادہ کپڑوں میں ملبوس اور نجی گاڑیوں میں سوار تھے جس کے باعث امکان ہے کہ انہیں طالبان شدت پسند سمجھ کر فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا ہو۔

لیکن تاحال حکومت نے سرکاری اہلکاروں پر فضائی حملے کی وجوہات اور حملے کے ذمہ داران سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

ہلمند کا شمار پوست کی کاشت کے اعتبار سے افغانستان کے سرِ فہرست صوبوں میں ہوتا ہے جب کہ طالبان نے بھی حال ہی میں افغان سکیورٹی فورسز سے جھڑپوں کے بعد صوبے کے کئی دور دراز علاقوں پر اپنا اثر و رسوخ بحال کیا ہے۔

گزشتہ ماہ طالبان نے ہلمند کے ضلع موسیٰ قلعہ پر بھی قبضہ کرلیا تھا لیکن بعد ازاں افغان حکام نے ضلعے کا بیشتر علاقہ طالبان سے خالی کرانے کا دعویٰ کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG