رسائی کے لنکس

بھارت: آرونا چل ٹائمز کی معاون ایڈیٹر پر قاتلانہ حملے کی مذمت


Hospital
Hospital

انگریزی زبان کے اخبار آرونا چل ٹائمز کی معاون ایڈیٹر، ٹونگم رینا، کو اتوار کے روز، اپنے دفتر سے باہر، گولیاں مار کر شدید زخمی کردیا گیا۔ اسپتال میں رینا کی حالت بدستور تشویش ناک ہے

صحافیوں کے تحفظ سے متعلق عالمی تنظیم ’کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس ‘ نے بھارتی حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایک مقامی صحافی ٹونگم رینا پر اتوار کے روز ہونے والے قاتلانہ حملے کی فوری تحقیقات کرے اور اس میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔

خبروں میں بتایا گیا ہے کہ اسپتال میں رینا کی حالت بدستور تشویش ناک ہے۔

نامعلوم مسلح افراد نے ریاست آنچل پردیش کے صدر مقام اتناگر سے شائع ہونے والے انگریزی زبان کے اخبار آنچل ٹائمز کی معاون ایڈیٹر کو اتوار کے روز اس وقت گولیاں مار کر شدید زخمی کردیا ، جب وہ اپنے دفتر سے باہر نکل رہی تھیں۔

رینا پر، جو آنچل پردیش کی کارکن صحافیوں کی تنظیم کی صدر بھی ہیں، عقب سے فائرنگ کی گئی۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آپریشن کے ذریعے رینا کے معدے میں سے گولی نکال دی گئی ہے ، لیکن اس حملے میں ان کی ریڑھ کی ہڈی کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ موجود ہے ۔

فوری طورپر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ ان پر حملہ کیوں کیا گیا۔

رینا ایک سیاسی نامہ نگار تھی اور انہوں نے کئی تحقیقاتی مضامین لکھے تھے۔ وہ ریاست کے ایک مقامی دریا پر 150 ڈیموں کی تعمیر کے خلاف تھیں ۔ ان کے خیال میں ڈیم بننے سے ماحول کے لیے خطرات پیدا ہونے کا امکان موجود تھا۔

آنچل ٹائمز کا دفتر اس سے قبل بھی حملوں کا نشانہ بنتا رہاہے۔

اس سال 15 اپریل کو نامعلوم افراد نے دفتر پر حملہ کرکے کئی کمپیوٹر توڑ پھوڑ دیے تھے، تاہم اس واقعہ میں کوئی کارکن زخمی نہیں ہواتھا۔پولیس ابھی تک حملے کی وجوہ کے بارے میں تفتیش کررہی ہے۔

یہ بھی واضح نہیں ہے کہ آیا رینا پر قاتلانہ حملے کا اس سے قبل دفتر پر ہونے والے حملوں سے کوئی تعلق ہےیا نہیں۔
XS
SM
MD
LG