رسائی کے لنکس

یمن: زنجبار شہر پر حوثی مخالف فورسز کا قبضہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اسی دوران متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ سعودی اتحاد میں شامل اس کے تین فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔

عرب فوجی اتحادیوں کے حمایت یافتہ جنگجوؤں نے یمن کے اہم جنوبی شہر زنجبار پر قبضہ کر لیا ہے جسے حوثی باغیوں کے لیے ایک بڑا دھچکہ قرار دیا جا رہا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی "روئٹرز" کے مطابق بحیرہ عرب کے اہم صوبے ابیان کے مرکزی شہر پر قبضے کے لیے شدید لڑائی دیکھنے میں آئی۔

گزشتہ ماہ ساحلی شہر عدن پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے والی حکومتی فورسز اور حامی ملیشیا کے لیے یہ چوتھی بڑی کامیابی ہے۔

اسی دوران متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ سعودی اتحاد میں شامل اس کے تین فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق یہ فوجی زنجبار میں داخل ہوتے وقت مبینہ طور پر حوثی باغیوں کی طرف سے بچھائی گئی بارودی سرنگ کا نشانہ بنے۔ اس سے قبل بھی اماراتی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں لیکن ان کے بارے میں حکام نے تفصیل فراہم نہیں کی۔

گزشتہ سال ستمبر میں شیعہ حوثی باغیوں نے حکومت کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دارالحکومت صنعا پر قبضہ کر لیا تھا جس کے بعد پیش قدمی کرتے ہوئے انھوں نے کئی دیگر علاقوں پر بھی اپنا تسلط جما لیا۔

ملک میں خانہ جنگی اور شورش کی وجہ سے یہاں انسانی المیے کا انتباہ کیا جاتا رہا ہے۔

ہفتہ کو انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس کے صدر پیٹر مایورر یمن پہنچے تھے جس کا مقصد عرب دنیا کے اس پسماندہ ترین ملک میں انسانی بحران کے مسئلے کو اجاگر کرنا ہے۔

صنعا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ "چاہیں گے کہ جنگی حالات میں بھی اصولوں و ضوابط کا احترام کیا جائے۔"

XS
SM
MD
LG