رسائی کے لنکس

ایپل دنیا کی سب سے بڑی گھڑی ساز کمپنی بن گئی، سوئس انڈسٹری بہت پیچھے


ایپل کی کمپیوٹرائزڈ سمارٹ گھڑیاں، فائل فوٹو
ایپل کی کمپیوٹرائزڈ سمارٹ گھڑیاں، فائل فوٹو

ایپل کی شہرت جدید ترین کمپیوٹرز اور سمارٹ فونز بنانے والی کمپنی کے طور پر ہے۔ لیکن، آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ ڈیجیٹل آلات بنانے والی یہ کمپنی اب ایک اور روپ میں سامنے آئی ہے، اور وہ ہے گھڑیاں۔ جی ہاں، ایپل اس وقت دنیا بھر میں کلائی کی سب سے زیادہ اور سب سے جدید گھڑیاں بنانے والی کمپنی بھی بن چکی ہے۔

زیادہ دور پرے کی بات نہیں ہے کہ سوئٹزرلینڈ کو خوبصورت، جدید، معیاری اور قیمتی گھڑیاں بنانے والے ملک کے طور پر جانا جاتا تھا اور وہاں گھڑیاں بنانے کی بے حساب چھوٹی بڑی کمپنیاں قائم تھیں۔ سوئس گھڑیوں کی دنیا میں اپنی ایک شناخت تھی اور انہیں ہاتھوں ہاتھ لیا جاتا تھا۔

یورپ کے اس چھوٹے سے ملک کی بعض گھڑیاں اتنی بیش قیمت ہوتی تھیں کہ لاکھوں ڈالر مول پاتی تھیں۔ مگر اب یہ چیزیں ماضی کا قصہ بنتی جا رہی ہیں۔ اور اب اپیل نے یہ مارکیٹ سوئٹزرلینڈ سے چھین لی ہے۔

ایک حالیہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال ایپل نے عالمی مارکیٹ میں تین کروڑ 10 لاکھ گھڑیاں فراہم کیں، جب کہ سوئٹزرلینڈ کی گھڑیاں بنانے والی تمام کمپنیوں نے دو کروڑ 10 لاکھ کے لگ بھگ گھڑیاں فروخت کے لیے پیش کی تھیں۔

ایپل کی تیار کردہ سمارٹ گھڑیوں کی فروخت میں سالانہ 35 فی صد اضافہ ہو رہا ہے، جب کہ اس کے برعکس سوئٹزرلینڈ کی تمام برینڈ کی گھڑیوں کی فروخت سالانہ 13 فی صد کے تناسب سے گھٹ رہی ہے۔

سٹریٹیجی انیلیٹکس کے سینیئر تجزیہ کار سٹیون والٹزر کا کہنا ہے کہ ہمارا اندازہ ہے کہ 2019 میں ایپل نے تین کروڑ سے زیادہ گھڑیاں فروخت کے لیے دنیا بھر میں پیش کیں جو ایک سال پہلے یعنی 2018 کی فروخت دو کروڑ 25 لاکھ کے مقابلے میں 36 فی صد زیادہ ہے۔ اس کی وجہ ایپل گھڑیوں کا اپنی جانب متوجہ کرنے والا ڈیزائن، استعمال میں آسان ٹیکنالوجی اور اس میں شامل صارفین کی سہولت کے ایپ کی بنا پر وہ امریکہ، یورپ اور ایشیا میں بہت مقبول ہیں۔

سٹریٹیجی انیلیٹکس کے ایکزیکٹو ڈائریکٹر نیل واٹسن نے بتایا کہ ہمارا اندازہ ہے کہ 2019 میں سوئس کی گھڑی ساز انڈسٹری نے دو کروڑ 10 لاکھ کے لگ بھگ گھڑیاں عالمی مارکیٹ میں پیش کیں جو اس سے ایک سال پہلے یعنی 2018 کے دو کروڑ 42 لاکھ کے مقابلے میں 13 فی صد کم ہیں۔

سوئس گھڑیاں زیادہ تر پرانی نسل کے لوگ پسند کرتے ہیں جنہیں صرف وقت دیکھنے سے غرض ہوتی ہے۔ چنانچہ، سوئس کمپنیاں بھی زیادہ تر پرانے اسٹائل کی وقت بتانے والی گھڑیاں بناتی ہیں۔ اس کے برعکس نئی نسل سمارٹ گھڑیوں کو ترجیح دیتی ہے، جو گھڑی کے ساتھ ساتھ متبادل سمارٹ فون کے طور پر بھی کام کرتی ہے۔

ایپل کمپنی جدید ایجادات میں پہل کرنے میں پیش پیش رہی ہے اور اس کے ماہرین کی انگلیاں مارکیٹ کی نبض پر رہتی ہیں۔ جب کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ میں بہت سی کمپنیاں اس کے مقابلے میں آ گئیں ایپل آئی پیڈ مارکیٹ میں لے آیا اور خوب منافع کمایا۔ جب اس مارکیٹ میں مسابقت بڑھ گئی تو ایپل نے سمارٹ فون متعارف کرا دیا اور کئی برس تک اس مارکیٹ میں چھایا رہا۔ اب جب کہ سمارٹ فونز کی مارکیٹ میں مدمقابل کمپنیوں کا حصہ بڑھ رہا ہے، ایپل سمارٹ گھڑی کو سامنے لا کر مارکیٹ کا ایک بڑا حصہ سمیٹ رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG