رسائی کے لنکس

کیا پرکشش مرد خود غرض ہو سکتے ہیں؟


سائنس دانوں نے کہا کہ ان کی نئی تحقیق میں مرد کے حسن وجمال کا انسانی مساوات کے ساتھ منفی تعلق نظر آیا ہے۔

خوبصورتی کا آپ کی شخصیت پرکتنا اثر ہوتا ہے؟ اس حوالے سے ماہرین کہتے ہیں کہ پرکشش لوگوں کی خوبصورتی ان کا سب سے بڑا ہتھیار ہوتی ہے جو ان کے لیے کامیابیوں کا راستہ کھولتی ہے لہذا اپنی برتری کے اس احساس کے ساتھ یہ دوسروں کی مدد کرنے میں بھی بہت کم سرگرم دکھائی دیتے ہیں۔ لیکن اس سے ان کی باطن کی خوبصورتی دھندلا سکتی ہے۔

سائنسدانوں نے ظاہری خوبصورتی کو سائنسی پیمانے پر ناپنے کے بعد یہ نتیجہ نکالا ہے کہ مرد اور عورت کا زیادہ پرکشش ہونا انھیں کٹھور دل اور خودغرض بنا سکتا ہے۔

سائنس دانوں نے کہا کہ ان کی تحقیق میں مرد کے حسن و جمال کا انسانی مساوات کے ساتھ منفی تعلق نظر آیا ہے اور یہ بھی پتا چلا ہے کہ اوسط جاذب نظر مردوں کے مقابلے میں مردانہ وجاہت رکھنے والے مرد خودغرض ہو سکتے ہیں۔ ان میں دوسرے لوگوں کو اپنی برابری کا خیال کرنے کا امکان کم ہوتا ہے لیکن اس نتیجے کے برعکس انتہائی پرکشش خواتین میں خود غرضی کا امکان مردوں کے مقابلے میں کم ہوتا ہے۔

برطانوی محققین اپنے مطالعے میں اس ارتقائی نفسیاتی نظریے کی جانچ کی ہے جس کے مطابق پرکشش مرد اور خواتین کو معاشرتی نظام ہر معاملے میں فوقیت دیتا ہے اور معاشرہ خود انھیں بہتر سماجی حیثیت حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرتا ہے جس سے معاشرے میں عدم مساوات پروان چڑھتی ہے اور انھیں اس سے مزید فوائد حاصل ہوتے ہیں بلکہ پورا معاشرتی نظام ان کے حق میں کام کرتا ہے۔

لندن کی برونیل یونیورسٹی کے ماہرین نے 125 مرد اور خواتین کا تھری ڈی باڈی اسکینر کے ذریعے معائنہ کیا جس کی بنیاد پر انھیں نمبر دیے گئے۔ تحقیق دانوں نے شرکاء سے ایک سوالنامہ بھرنے کو کہا جس میں مساوات اور خود غرضی کی طرف ان کے رویوں کا جائزہ لیا گیا۔

مطالعے کے دوسرے حصے میں ایک علحیدہ گروپ کے افراد کو ان پرکشش افراد کی تصاویر دکھائی گئیں اور خود غرضی اور ایثار کی بنیاد پر خوبصورت لوگوں کے بارے میں رائے دینےکو کہا گیا۔

تحقیق کی قیادت کرنے والے تفتیش کار مائیکل پرائس نے کہا نتیجے سے لگ رہا تھا کہ ہو سکتا ہےکہ وجہہ مرد دوسرے لوگوں کے مقابلے میں اپنے مفادات کو ترجیح دیتے ہیں اور تعصب کا نظریہ انھیں مزید خود غرض اور انا پرست بنا دیتا ہے۔

سائنسی جریدے 'ایولشنری سائیکلولوجی' میں شائع ہونے والے نتائج کے بارے میں ڈاکٹر پرائس کہتے ہیں کہ عام طور پر لوگ خیال کرتے ہیں کہ زیادہ پرکشش افراد خود غرض ہوتے ہیں اور دوسروں کو اپنے برابر کا خیال نہیں کرتے ہیں۔ تحقیق میں یہ نظریہ سچ نظر آیا ہے لیکن پرکشش خواتین کے معاملے میں ایسا نہیں تھا بلکہ خوبصورتی کی بنیاد پر استحصال کا رویہ خواتین کی نسبت مردوں میں زیادہ پایا گیا۔

ماہر نفسیات ڈاکٹر پرائس نے کہا کہ ''ہمارے نتائج سے ظاہر ہوا کہ جن مرد اور خواتین نے پرکشش ہونے کی بنیاد پر زیادہ نمبر حاصل کئے تھے ان میں دوسروں کے ساتھ ہمدردی اور برابری کا برتاؤ کرنےکا رجحان کم تھا۔''

تاہم ڈاکٹر پرائس کے مطابق ''پرکشش خواتین میں خود غرضی کا رویہ کم نظر آیا ہے جیسا کہ ان کے بارے میں عام طور پر لوگ خیال کرتے ہیں بلکہ مجموعی طور پر خواتین میں مردوں کے مقابلے میں بڑے پیمانے پرمساوات کی نمائش کی۔''

تاہم ان کا کہنا تھا کہ ''لوگوں میں تعصب پر قابو پانے میں مدد کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ ان سے تعصب کے معاملے پر بات کی جائے کیونکہ نتائج میں خوبصورتی اور خودغرضی کے درمیان تعلق بہت نمایاں نہیں تھا اور بہت سے پرکشش مرد زیادہ ایثار پسند ہو ں گے اور ان میں دوسروں سے برتری کا احساس بھی نہیں ہوگا ۔''

XS
SM
MD
LG