رسائی کے لنکس

آسٹریلیا: افغانستان سے فوجی واپس بلانے کا اعلان


فائل
فائل

آسٹریلوی وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ افغانستان سے آسٹریلوی افواج کی واپسی وہاں سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے معاہدے کا لازمی اور منطقی نتیجہ ہے۔

آسٹریلیا نے رواں سال کے اختتام تک افغانستان میں تعینات اپنے بیشتر فوجیوں کے انخلا اور وہاں قائم نیٹو افواج کے زیرِ انتظام ایک اہم فوجی مرکز کی بندش کا اعلان کیا ہے۔

منگل کو کینبرا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلیا کے وزیرِ دفاع اسٹیفن اسمتھ نے کہا کہ افغان اور مغربی افواج کے کمانڈروں نے افغان صوبے ارزگان کے علاقے ترین کوٹ میں قائم نیٹو فوجی مرکز اور ہوائی اڈے کو 2013ء کے اختتام تک بند کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس اڈے کی بندش کے بعد آسٹریلوی فوجیوں کے پاس صوبہ ارزگان میں کوئی مستقل قیام گاہ نہیں ہوگی جس کے نتیجے میں وہاں تعینات بیشتر آسٹریلوی فوجیوں کو وطن واپس بلالیا جائے گا۔

خیال رہے کہ افغانستان میں سیکیورٹی کی ذمہ داریوں کی مقامی فورسز کو مرحلہ وار منتقلی کے بعد وہاں تعینات بیشتر غیر ملکی فوجی 2014ء کے اختتام تک وہاں سے نکل جائیں گے۔

آسٹریلوی وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ افغانستان سے آسٹریلوی افواج کی واپسی وہاں سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے معاہدے کا لازمی اور منطقی نتیجہ ہے۔

افغانستان میں اس وقت آسٹریلیا کے لگ بھگ 1650 فوجی موجود ہیں جن میں سے بیشتر طالبان شورش کا شکار صوبے ارزگان میں تعینات ہیں۔

افغانستان میں گزشتہ ساڑھے 11 برسوں سے جاری لڑائی میں آسٹریلیا کے اب تک 39 فوجی ہلاک جب کہ 242 زخمی ہوئے ہیں۔
XS
SM
MD
LG