رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش میں ممنوعہ تنظیم حزب التحریر کا سربراہ گرفتار


بنگلہ دیش میں ممنوعہ تنظیم حزب التحریر کا سربراہ گرفتار
بنگلہ دیش میں ممنوعہ تنظیم حزب التحریر کا سربراہ گرفتار

بنگلہ دیش پولیس نے ممنوعہ اسلامی تنظیم، حزب التحریر کے سربراہ، محی الدین احمد کو منگل کے دِن گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ڈھاکہ شہر کے ڈپٹی کمشنر نثار العارف نے بتایا کہ بنگلہ دیش میں حزب التحریر کے سربراہ کو ڈھاکہ میں اُس کی رہائش گاہ سے منگل کی صبح گرفتار کیا گیا۔

محی الدین، ڈھاکہ یونی ورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن میں پروفیسر ہیں، تاہم پچھلے سال اکتوبر میں جب بنگلہ دیش کی حکومت نے حزب التحریر پر پابندی لگادی تھی تو ڈھاکہ یونی ورسٹی نے پروفیسر احمد کو جبری چھٹی پر بھیج دیا تھا۔

بنگلہ دیش کی حکومت کو گذشتہ ہفتے یہ انٹیلی جنس رپورٹ ملی تھی کہ کئی ممنوعہ تنظیمیں ملک میں دوبارہ سر اُٹھانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ اِس رپورٹ کے آتے ہی وزارتِ داخلہ نے ملک گیر الرٹ جاری کردیا اور عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی تیز کردی ہے، جِس کے نتیجے میں ہفتے کے دِن ڈھاکہ کے اُترہ علاقے سے حزب التحریر کے دو کارکنوں کو دھماکہ خیز اشیا کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا۔

سمجھا جاتا ہے کہ اُن سے پوچھ گچھ کے بعد ہی تنظیم کے سربراہ کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق، محی الدین احمد کو ملک میں تخریب کاری بھڑکانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ اُسے ڈھاکہ کی ایک عدالت میں پیش کیا گیا جہاں مجسٹریٹ رخسانہ بیگم نے پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا۔

حزب التحریر ایک بین الاقوامی تنظیم ہے جو 1953ء میں قائم کی گئی تھی۔ بنگلہ دیش میں سال 2000میں اِس کی داغ بیل رکھی گئی تھی اور 2009ء میں اِس پر پابندی لگادی گئی تھی۔

XS
SM
MD
LG