رسائی کے لنکس

’گائے‘ سے ملی ننھے بچے کو نئی زندگی


ایک میجر آپریشن کے دوران روبین (بچے) کے دل کے سوراخوں کی گائے کے دل کے ٹشو سے پیوند کاری کرکے اس کی جان بچا لی گئی ہے۔

ننھے روبین کی زندگی بجھتے چراغ کی مانند تھی کیونکہ اس کے دل میں پیدائشی طور پر سوراخ موجود تھا۔ اس کی سانسیں رک رک کر چلتی تھیں لیکن اب ایسا نہیں ہے۔

روبین اب ایک برس کا ہو چکا ہے اور اس کا دل ایک گائے کےدل کی وجہ سے دھڑک رہا ہے۔

برطانوی ڈاکٹروں نے ایک میجر آپریشن کے دوران روبین کے دل کے سوراخوں کی گائےکے دل کے ٹشو سے پیوند کاری کرکے اس کی جان بچا لی ہے۔

یارکشائر کی رہائشی پیٹرا کے گھر گذشتہ برس روبین ویبر جیکسن کی ولادت ہوئی، بقول پیٹرا روبین دیکھنے میں ایک صحت مند بچہ معلوم ہوتا تھا۔ اس کی رنگت سرخ و سفید تھی اور بظاہر سب کچھ ٹھیک تھا بلکہ وہ اکثر دوستوں سے روبین کی تعریف کرتی کہ روبین زیادہ تر سوتا ہے اور تنگ نہیں کرتا۔

پیٹرا نے میل آن لائن کو بتایا کہ، ’روبین کی آنکھوں پر اکثر سوجن رہتی تھی اور اس کے ہونٹوں کا رنگ ہلکا جامنی تھا لیکن جب وہ صرف دو ہفتے کا تھا تو ایک دن اس کی غیر معمولی سانس کی آواز نے مجھے بری طرح چونکا دیا اوراسی وقت مجھے اس بات کا احساس ہوا کہ روبین کسی بڑے مسئلے سے دوچار ہے‘۔

اسپتال کی اسکین رپورٹ سے یہ انکشاف ہوا کہ دو ہفتے کے روبین کے دل میں دو سوراخ ہیں اور اس کی شہ رگ بھی سکڑی ہوئی ہے جس کی وجہ جسم میں خون کی گردش متاثر ہو رہی ہے اور اس کی سانسیں غیر معمولی ہیں۔

ڈاکٹروں نے فوری طور پر بچے کے دل کی سرجری کا فیصلہ کیا اور دل کے دو میجر آپریشن کے دوران روبین کے دل کے سوراخوں کی پیوند کاری کے لیے گائے کے دل کا ٹشو استعمال کیا۔ اس کامیاب آپریشن کے بعد روبین اب معمول کی سانسیں لے سکتا ہے۔

دل کی سرجری میں استعمال ہونے والے اس طریقہ ِکار bovine pericardial patchکو کہا جاتا ہے جس میں مویشیوں کے ٹشوز سے پیوند کاری کی جاتی ہے۔

مسز پیٹرا کا کہنا ہے کہ شاید ہی کوئی دن ایسا گزرتا ہے جب ہم یہ نہیں سوچتے کہ ہم روبین کو کھونے کے بہت قریب تھے۔
XS
SM
MD
LG